جماعت اسلامی آزاد کشمیر گلگت بلتستان کے52واں سالانہ اراکین جنرل کونسل کایہ اجلاس گلگت بلتستان کی سیاسی و معاشی صورتحال، بڑھتی ہوئی بے روزگاری، بدعنوانی، میرٹ کی پامالی اور عوامی مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔
یہ اجلاس سمجھتا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام طویل عرصے سے سیاسی بے یقینی، معاشی محرومی، بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی اور روزگار کے محدود مواقع جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے باوجود بے روزگاری کا شکار ہیں، جبکہ سرکاری اداروں میں میرٹ کے بجائے سفارش اور اقربا پروری کی شکایات عوام میں مایوسی پیدا کر رہی ہیں۔
یہ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ:
1. گلگت بلتستان کے سیاسی مسائل کو سنجیدگی سے حل کرتے ہوئے عوام کو آئینی، سیاسی اور جمہوری حقوق فراہم کیے جائیں۔
2. سرکاری اداروں سے کرپشن، بدعنوانی اور اقربا پروری کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور بدعنوانی میں ملوث عناصر کا شفاف احتساب کیا جائے۔
3. نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں اور سرکاری ملازمتوں میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔
4. تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کے لیے خصوصی روزگار پیکیج اور فنی تربیت کے پروگرام شروع کیے جائیں۔
5. گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل، معدنیات، سیاحت اور پن بجلی کی صلاحیت کو عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے استعمال کیا جائے۔
ان معدنیات پر عالمی طاقتوں کی نظریں بھی ہیں ان سے ان معدنیات کو محفوظ بنایا جائے
6. صحت، تعلیم، سڑکوں، بجلی، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
7. ترقیاتی فنڈز کے منصفانہ استعمال اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام قائم کیا جائے۔
8۔گلگت بلتستان کو آزاد کشمیر طرز کا بااختیار اور باوقار نظام حکومت دیا جائے۔
9۔حکومت عوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائے۔
10۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو ملانے لے لیے شونٹر ٹینل پر کام شروع کیا جائے۔
11۔وزیر اعظم پاکستان سو میگاوٹ سولر کے اعلان کر دہ منصوبے پر عمل درآمد کریں
12۔دیامر ڈیم سے پیدا ہونے والی بجلی کے حوالے سے واپڈا کے ساتھ معاہدے کیے جائیں اور متاثرین کے معاوضوں کی ادائیگی کا اہتمام کیا جائے۔