raja jahangir khan

جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، نظام کی تبدیلی کے لیے منظم جدوجہد ناگزیر ہے، راجہ جہانگیر خان

کوٹلی:جماعت اسلامی آزاد کشمیر گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل راجہ جہانگیر خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، معاشرے اور نظام میں حقیقی تبدیلی کے لیے منظم، مربوط اور مسلسل جدوجہد کرنا ہوگی۔ اراکین جنرل کونسل جماعت کی دعوتی و تنظیمی تحریک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، انہیں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرتے ہوئے عوام تک جماعت کا پیغام پہنچانا اور تنظیمی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کوٹلی کے اراکین جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے جماعت اسلامی کے رہنماؤں حبیب الرحمٰن افاقی، امیر ضلع فیاض بٹ، امیر جماعت اسلامی کوٹلی شہر ڈاکٹر افتخار بٹ، پروفیسر نصاحب اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جمیل احمد راٹھور، نثار احمد شاہق اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔راجہ جہانگیر خان نے کہا کہ ہمارے سروں پر ایک فرسودہ، ظالمانہ اور جابرانہ نظام مسلط ہے، جس کے خاتمے اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلانے کے لیے جدوجہد کو مزید تیز کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی محض اقتدار کے حصول کی سیاست نہیں بلکہ ایک نظریاتی اور دعوتی تحریک ہے، جو انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے نکال کر ایک اللہ کی بندگی اور اس کے عطا کردہ نظام عدل و انصاف کی طرف بلاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک و معاشرے کو درپیش مسائل کا مستقل حل کرپشن، استحصال اور فرسودہ نظام کے خاتمے اور اسلامی اصولوں پر مبنی عادلانہ نظام کے قیام میں ہے۔ جماعت اسلامی اسی مقصد کے لیے عوامی سطح پر جدوجہد کررہی ہے اور عوام کو دعوت دیتی ہے کہ وہ اس جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے اراکین جنرل کونسل پر زور دیا کہ وہ دعوتی، تنظیمی اور عوامی رابطوں کے عمل کو مؤثر بنائیں اور جماعت کے پیغام کو ہر گھر اور ہر طبقے تک پہنچائیں۔راجہ جہانگیر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی آزاد خطے کو تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ بنانے، مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی اور تکمیل پاکستان کے مقصد کے لیے اپنے قیام سے مسلسل جدوجہد کررہی ہے۔ آزاد کشمیر کی سیاسی، سماجی اور نظریاتی حیثیت کو تحریک آزادی کشمیر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا بھی جماعت کی جدوجہد کا بنیادی حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات عوام کو مقامی سطح پر بااختیار بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اہم موقع ہیں، جماعت اسلامی ان انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لے گی اور عوامی خدمت، دیانت دارانہ قیادت اور اپنے نظریاتی منشور کے ساتھ میدان میں اترے گی۔راجہ جہانگیر خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی اسلامی نظام کے قیام، عوامی حقوق کے تحفظ، آزاد کشمیر کو تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ بنانے اور کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اسلامی نظام کا قیام اور کشمیر کی آزادی ہمارا عزم ہے۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر