اقوام متحدہ کے مبصرین، اور OIC کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن کو بلا روک ٹوک مقبوضہ کشمیر میں رسائی دی جائے، قومی کشمیر کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ
تحریک آزادی کشمیر دراصل تحریک پاکستان ہی کا تسلسل ہے،حافظ نعیم الرحمن
کشمیری آزادی کے حوالے سے عالمی برادری پر انحصار کم کریں، سردار مسعود خان
اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر مسئلہ کشمیر موجود ہے وہ حل کرنے کی پابند ہے، مشاہد حسین سید
آزاد کشمیر حکومت مشیر برائے رائے شماری کا تقرر کرے، ڈاکٹر محمد مشتاق خان
قومی کشمیرکانفرنس سے سابق چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری،سردار یعقوب خان، سردار عتیق احمد،لیاقت بلوچ، عبدالرشید ترابی،میاں محمد اسلم، آصف لقمان قاضی، غلام محمد صفی،محمد فاروق رحمانی، محمود ساغر،شمیم شال،فیض نقشبندی، عبداللہ گل،سابق سفیر عبدالباسط، مولانا امتیاز عباسی سمیت دیگر قائدین کا خطاب
اسلام آباد:جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام قومی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر دراصل تحریک پاکستان ہی کا تسلسل ہے کشمیری تکمیل پاکستان کی جدوجہد کر رہے ہیں، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو شہ رگ کہا ہے شہ رگ کو دشمن کے پنجے سے آزاد کرانا پاکستان کی ذمہ داری ہے،کشمیری اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق کے حصول کی جدوجہد کر رہے ہیں جماعت اسلامی پاکستان اول روز سے کشمیریوں کی پشتیبان ہے پوری پاکستانی قوم اور سیاسی و مذہبی جماعتیں کشمیر کی آزادی کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر متحد و متفق ہے پچیس کروڑ پاکستانی عوام صبح آزادی تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہیں گے۔نریندر مودی نے پانچ اگست 2019ء متعصبانہ اور ظالمانہ اقدامات کر کے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی ہے، نریندر مودی مستند دہشت گرد ہے۔ ہندوستان کے اندر مسلمانوں سمیت کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر نئے انداز سے شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ فلسطین کے مجاہدین نے مزاحمت کو ایک نئی طرح دی ہے، فلسطینیوں نے اسرائیل کو شکست دی ہے کشمیری بھی ہندوستان کو شکست سے دو چار کریں گے۔کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے ہندوستان کی قابض افواج نے مقبوضہ کشمیر کو کھلی جیل میں تبدیل کر رکھا ہے بھارت میں پابندی ہے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں عالمی برادری اس کا نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین میں نسل کشی کی جا رہی ہے مگر کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔حق مزاحمت کا استعمال کرنا کشمیریوں کا حق ہے۔حکومت پاکستان سیاسی، سفارتی حمایت سے آگے بڑھ کر عسکری مدد کرے کشمیر بروز شمشیر آزاد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حماس نے جب طوفان الاقصی کا آغاز کیا تو نام نہاد دانشور پریشان تھے لیکن حماس نے اسرائیل کو شکست دی۔ فلسطین کا کوئی بیس کیمپ نہیں اسرائیل کی تمام ٹیکنالوجی فیل ہو گئی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر سردار مسعود احمد خان کہا کہ عالمی برادری سے زیادہ توقعات وابستہ نہ کریں اپنا ہوم ورک مکمل کرکے آزادی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ آزادی قربانیوں سے ملتی ہے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے اپنے حصے کا کام کر لیا ہے ہم تحریک آزادی کشمیرکو منزل سے ہم کنار کرنے کے لیے مظفر آباد اور اسلام آباد میں فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہے، مظفر آباد کے وزیر اعظم مشیر برائے رائے شماری کا تقرر کریں حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے ایک نائب وزیر خارجہ کا تقرر کرے، تا کہ ہندوستان کے مظالم سے دنیا کو با خبر رکھا جائے ہندوستان آبادی کے تناسب کو تبدیل کر رہا ہے اسلامی تشخص کو مٹا رہا ہے لیکن مودی اپنے عزائم میں ناکام ہوگا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشاہد حسین سید نے کہا کہ پوری دنیا میں فلسطینیوں کا ساتھ دیا ہے اسی طرح دنیا کو کشمیریوں کا بھی ساتھ دینا چاہیے۔ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کر کے احسن اقدام کیا ہے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور کشمیریوں کو حوصلے کا پیغام دینے کے لیے کچھ عملی اقدامات کرنے ہوں گے،مولانا امتیاز عباسی نے کہا کہ ہندوستان نے باڑ لگائی تو اس کو روکا کیوں نہیں گیا،کہا جاتا ہے کہ باجوہ نے کیا ہے شہداء سے بے وفائی کی گئی ہے۔سابق صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ جماعت اسلامی تحریک آزادی کی پشتیبان ہے حافظ نعیم الرحمن نے کشمیر قومی کانفرنس بلا کر احسن اقدام کیا ہے پوری قوم تحسین کرتی ہے انہوں نے کہا کہ پانچ لاکھ شہداء کا خون رنگ لائے گا کشمیر کو آزاد ہونے سے کوئی روک نہیں سکتا۔
کانفرنس میں درج ذیل اعلامیہ متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔
جموں و کشمیر (IIOJK) کی تازہ ترین صورتحال پر غور کیا اور متفقہ طور پر درج ذیل اعلامیہ کی۔کشمیر کا مسئلہ نہ زمینی مسئلہ ہے اور نہ دو ملکوں کا تنازعہ ہے۔ کشمیر کی آزادی، اس کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حق خود ارادیت کا حصول اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری خاتمہ ہمارے موقف اور بیانیہ کے نکات ہیں۔
جموں و کشمیر کے لوگوں سے حق خودارادیت کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن سات دہائیوں سے زیادہ عرصہ گزرنے کے بعد بھی انہیں اقوام متحدہ کے زیراہتمام رائے شماری کے ذریعہ ووٹ ڈالنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ اقوام متحدہ کی اپنی قرار دادوں کو نافذ کرنے میں ناکامی نے، بھارت کی ہٹ دھرمی کے ساتھ، جنوبی ایشیا کے عدم استحکام میں براہ راست کردار ادا کیا ہے، جس سے بار بار فوجی تنازعات جنم لیتے رہے ہیں۔ اس دوران میں لاکھوں لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جب کہ لاکھوں زخمی اور بے گھر ہوئے ہیں۔ شہری زندگی کے بنیادی ڈھانچے اور انسانی جانوں کے حوالہ سے ہونے والا یہ نقصان نا قابلِ حساب ہے۔ ان حالات میں یہ کوئی تعجب کی بات نہیں ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ بھی فلسطین کی طرح بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بین الا قوامی قانون کے مطابق انہیں غیر ملکی قبضہ اور جبر کے خلاف مزاحمت کا پورا حق حاصل ہے۔ کا نفرنس غیر قانونی بھارتی اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کرتی ہے، جن میں اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے اور لاکھوں سابق فوجیوں اور آر ایس ایس کے وابستگان کو آباد کرنے کی اجازت دیتے ہوئے قوانین میں ترمیم کر کے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔ ڈومیسائل قوانین میں تبدیلیوں کے ذریعے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے ان اقدامات کو ہم بین الا قوامی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی سمجھتے ہیں۔ کانفرنس سیاسی و سماجی قیادت کو قید میں ڈالنے، صحافیوں، میڈیا ورکرز اور سول سوسائٹی پر پابندیوں، سرچ آپریشن کے نام پر نوجوانوں کی گرفتاریوں، حراستی قتل، جائیدادوں کی ضبطی اور جبر کے دیگر طریقوں کی مذمت کرتی ہے اور ان کو ریاستی دہشت گردی کی سنگین کارروائیوں سے تعبیر کرتی ہے۔ کا نفرنس بھارتی استعمار کے تمام وحشیانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام کی مسلسل جدوجہد، قربانیوں اور ثابت قدمی اور تحریک آزادی کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور انہیں قوم کے لیے روشنی کا مینار قرار دیتے ہوئے خراج تحسین پیش کرتی ہے۔یہ اجلاس اہل کشمیر کو یقین دلاتا ہے کہ ان کی آزادی و حریت کی عظیم و ایمان افروز جد وجہد میں پوری پاکستانی قوم ان کے شانہ بشانہ ہے اور بھارت کے غاصبانہ تسلط کے اخلاف ان کی تاریخ ساز جد وجہد کو ان کا بنیادی حق اور خطہ کے لیے امن و سلامتی کا ضامن سمجھتی ہے۔ ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ کشمیر کی آزادی کے حصول تک اس عظیم جدوجہد میں ہر ہر محاذ پر ہم ان کے ساتھ ہیں۔ ایک مستحکم اور کشیدگی سے پاک جنوبی ایشیا کے لیے ہم سمجھتے ہیں کہ بھارت سے کشمیر پر اپنا غیر قانونی قبضہ ختم کرانے اور بین الا قوامی قانون، جنیوا کنونشنز اور اقوام متحدہ کی سلامتی کو نسل کی قراردادوں کی پاسداری کے لیے ہر ممکن ذرایع سے دباو ڈالا جانا چاہیے۔ کشمیر کے مقبوضہ عوام کو خود ارادیت کا وعدہ شدہ حق فوری طور پر دیا جانا چاہیے اور اس سلسلہ کی اقوام متحدہ کی قرار دادوں کو سختی سے نافذ کیا جانا چاہیے۔. کشمیر کے متاثرین کو نیورمبرگ ٹرائلز کی طرح بین الا قوامی فوجداری عدالت (ICC) اور بین الا قوامی عدالت انصاف (ICI) کے ذریعے انصاف فراہم کیا جانا چاہیے۔ جاری آباد کاری نو آبادیاتی منصوبے اور آبادیاتی تبدیلیوں کی کوششوں کو روکنے اور اس پر اسس کو الٹنے کا انتظام کیا جانا چاہیے۔سیاسی قیدیوں کی رہائی بشمول خواتین، بچوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کو قابض طاقت کی من مانی مرضی پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔. انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بشمول جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم، نسلی صفائی، اور نسل کشی کا جائزہ لینے کے لیے آزاد انسانی امدادی تنظیموں، اقوام متحدہ کے مبصرین، اور OIC کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن کو بلا روک ٹوک رسائی دی جانی چاہیے۔ اجلاس محسوس کرتا ہے کہ حکومت پاکستان کو ایک فعال (Proactive) ہمہ گیر، جامع اور مربوط قومی پالیسی اور واضح بیانیہ بنانے کی ضرورت ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ تنازعہ کشمیر کے ایک فریق اور وکیل کی حیثیت سے پاکستان کو ایک بھر پور جارحانہ بین الاقوامی سفارتی مہم کا اہتمام کرنا چاہیے۔ اعلیٰ ترین حکومتی سطح کے دوروں کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کا ادراک رکھنے والے ممبران پارلیمنٹ، ماہر سفارت کاروں اور اہل دانش کے وفود دنیا بھر میں بھیجنے کا اہتمام کیا جائے، جن میں حریت کانفرنس، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ممبران پارلیمنٹ بھی شامل کیے جائیں۔ نیز دوسری جانب ایک ہمہ وقتی خصوصی نمائندہ کے تقرر کے ساتھ ساتھ تمام سفارت خانوں میں خصوصی ڈیسک قائم کیے جائیں، جہاں سفارت کاروں کے علاوہ متحرک تارکین وطن کی صلاحیتوں سے بھی استفادہ کیا جائے۔ کانفرنس حکومت پاکستان پر زور دیتی ہے کہ وہ آگے بڑھ کر موثر اور جامع اقدامات کرے کہ: قید کی حریت رہنما شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک عبد الحمید فیاض، مسرت عالم آسیہ اندرابی اور ان کی خواتین ساتھیوں اور آزادی کی جدوجہد کے ہزاروں دیگر کارکنان جو جھوٹے الزامات کے تحت موت کی کوٹھڑیوں اور قید تنہائی میں انتہائی نامساعد حالات میں اپنی زندگیاں گزار رہے ہیں، ان کی رہائی، انہیں ضروری طبی دیکھ بھال اور ان کے اہل خانہ اور وکلاء تک مناسب رسائی فراہم کا انتظام ممکن ہو۔بھارتی خفیہ ایجنسی را کی پاکستان اور اس سے باہر (مثلاً بر طانیہ، کینیڈا اور امریکہ) میں خلل ڈالنے والی سرگرمیوں کو بے نقاب کیا جاسکے، عالمی برادری پر زور دیا جائے کہ وہ ایسے مذموم، ریاستی سرپرستی میں ہونے والے اقدامات کا نوٹس لے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک غیر مستقل رکن کے طور پر، حکومت پاکستان کو 4۔ اجلاس کی رائے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے توڑ کے لیے سب سے موثر ہتھیار آزاد جموں و کشمیر میں آئینی اور وسائل کے لحاظ سے با اختیار اور باو سائل حکومت ہے جو بین الا قوامی سطح پر حریت کانفرنس کے ساتھ مل کر کشمیریوں کی ترجمانی کا حق ادا کر سکتی ہے، اس تناظر میں اجلاس حکومت پاکستان سے توقع رکھتا ہے کہ وہ ریاست کے آزاد خطوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان کو اختیارات اور وسائل کے لحاظ سے مزید باوقار بنانے کا اہتمام کرے اور تحریک کے اس نازک دوراہے پر کوئی ایسی بے تدبیری نہ کرے جس کے نتیجے میں بین الا قوامی سطح پر پاکستان اور اہل کشمیر کے قومی موقف کو زک پہنچنے یا بھارت کو اپنے مذموم اقدامات کا جواز فراہم ہو۔ حکومت پاکستان کو کشمیر کے امور کے لیے ایک فوکل پرسن یا ایمبیسیڈر ایٹ لارج کا تقرر کرنا چاہیے۔ دوسری جانب تحریک کے ایک حقیقی ہیں کیمپ قائم کرنے کے لیے، آزاد جموں و کشمیر (AJK) اور گلگت بلتستان (GB) کو انتظامی اور اقتصادی طور پر با اختیار بنایا جائے۔ اجلاس ذرائع ابلاغ سے بھی توقع رکھتا ہے کہ بھارتی مظالم اور عزائم کو اجاگر کرنے میں اپنا کر دار ادا کریں گے۔ یہ اجلاس اہل کشمیر کو یقین دلاتا ہے کہ ان کی آزادی و حریت کی عظیم و ایمان افروز جد وجہد میں پوری پاکستانی قوم ان کے شانہ بشانہ ہے اور بھارت کے غاصبانہ تسلط کے خلاف ان کی تاریخ ساز جد وجہد کو ان کا بنیادی حق اور خطہ کے لیے امن و سلامتی کا ضامن سمجھتی ہے۔ ہم یہ عزم کرتے ہیں کہ پاکستانی عوام اور ریاست پاکستان اس قومی ولی ذمہ داری کی ادائیگی میں اپنے فریضہ سے روگردانی نہیں کریں گے اور کشمیر کی آزادی کی اس عظیم جدوجہد میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ کانفرنس فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، ان کی تاریخی قربانیوں کو سراہتی ہے، اور آزاد ریاست فلسطین کے قیام کے لیے ان کی جد وجہد کی مکمل حمایت کرتی ہے۔