مظفرآباد:جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا ہے کہ 2کروڑ کشمیری 10 لاکھ قابض بھارتی فوج کا ہما چل پردیش تک پیچھا کریں گے ہندوستان کا نام نہاد جمہوری چہرہ نریندر مودی نے پوری دنیا میں بے نقاب کر دیا ہے۔اہل مظفرآباد حافظ نعیم الرحمان کا 2 فروری کو مظفرآباد آمد پر فقید المثال استقبال کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے 2 فروری کے حوالے سے عوام رابطہ مہم کے دوران لچھراٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ مودی نے میڈیا پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے مقبوضہ کشمیر کی ماؤں بہنوں کی آہ وفغاں بھی باہر دنیا تک نہیں پہنچ رہی۔ہندوستان نے پورے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر رکھا ہے اور بدترین ریاستی دہشت گردی کی جارہی ہے۔ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے۔عالمی برادری ہندوستان کے خلاف مداخلت کرے۔ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ جماعت اسلامی باطل نظام کی تبدیلی اور کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کررہی ہے۔عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ ظلم پر مبنی نظام کی جگہ اسلام کے عادلانہ نظام کو قائم کیا جائے۔