Dr Muhammad Mushtaq Khan

قابض بھارتی افواج سات دہائیوں سے استعماری ہتھکنڈے استعمال کرنے کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکی،ڈاکٹر محمد مشتاق خان

اسلام آباد:جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر میں جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کا کلیدی کردار ہے،ہزاروں کشمیریوں نے قطع نظر اس کے کہ وہ قیادت کے کسی اعلیٰ منصب پر فائز ہیں یا عام کارکن  اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے،دنیا جانتی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں دس لاکھ سے زائد قابض بھارتی افواج گزشتہ سات دہائیوں سے استعماری ہتھکنڈے استعمال کرنے کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکی ان  خیالات کااظہارانھوں نے وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا انھوں نے کہاکہ 5اگست2019ء کے بعد مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کو ایک کھلی جیل بنا کر عوام پر بدترین تشدد اور ٹارچر کا ہر حربہ آزمایا۔ میڈیا پر مکمل پابندی لگا دی تاکہ کشمیریوں کی آہ و فغاں بھی باہر نہ جا سکے۔یہ سب کچھ کرنے کے باوجود بھی مودی سرکار اپنی سازش میں ناکام رہی۔ہندوستان شروع دن سے ہی مقبوضہ کشمیر میں اپنے مہرے تیارکرکے کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو کچلنے اور نقصان پہنچانے کی سازشیں کرتا رہا۔ وہ مہرے اس وقت بھی ناکام ہوئے اور اب جو نئے مہرے تیار کیے جا رہے ہیں یہ بھی ناکام ہوں گے۔ الحمدللہ آج تک کشمیری حق خود ارادیت کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوئے بلکہ تسلسل سے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ہم جانتے ہیں کہ ہندوستان اور اس کی چالباز ایجنسیاں ایک عرصے سے اس سازش میں مصروف ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو جبر کا اس قدر شکار کیا جائے کہ وہ جہاد اور آزادی کے مطالبے سے باز آ جائیں اور کشمیر یوں کی آزادی کے لیے کام کرنے والی جتنی قوتیں بھی ہیں ان کے خلاف وہ مخبر کا کردار ادا کریں تاکہ ہندوستان کے لیے رائے عامہ ہموار ہو۔اسی سلسلے میں ہندوستان نے بھونڈی چال چلتے ہوئے بانی جماعت اسلامی مولانا مودودیؒ اور سید علی شاہ گیلانیؒ کی تصانیف پر پابندی لگادی اوران کی کتابوں کو جبری طور پر مارکیٹ سے اٹھایا جا رہا ہے جو عوام کے نظریات کو کچلنے اورکھرچنے کی ناکام کوشش ہے۔ چنانچہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہندوستان کی ایجنسیوں کا ہی یہ کام ہے کہ اس نے مقبوضہ کشمیر میں ایک نئی جماعت جسٹس اینڈ ڈیویلپمنٹ فرنٹ کے نام سے کھڑی کی۔ہم جسٹس اینڈ ڈیویلپمنٹ فرنٹ کے قیام کو تحریک آزادی کشمیر کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کی ایک ناکام سازش سمجھتے ہیں۔ اس سازش کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے۔جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر سمجھتی ہے کہ لاکھوں شہیدوں کے خون کے ساتھ غداری کا ارتکاب کرنے والے مسلمان آزادی کی اپنی منزل کو کھوٹا کر رہے ہیں اور یہ افراد بھارتی مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کی حتمی منزل کو ناکامی سے دوچار کرنے کے لیے کسی نئے نام یا نئے فورم کے ذریعے آگے بڑھیں گے تو وہ پوری کشمیری قوم کے غدار قرار پائیں گے۔تحریک آزادی کشمیر ان کو سیاہ باب کے طور پر اپنے ساتھ لے کر چلے گی۔میں سمجھتا ہوں کہ اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔کشمیریوں نے پہلے دن سے ایسی کسی کوشش کو قبول نہیں کیا۔سری نگر‘مظفرآباد‘گلگت بلتستان یادنیا میں بکھرے کسی بھی ملک کے اندر رہنے والے کشمیری ہوں سب حق خود ارادیت کو بنیادی حق سمجھتے ہوئے اس کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔وہ اس طرح کی کسی بھی جماعت اور فورم کے قیام کو تحریک آزادی کشمیر کے لیے ہرگز مناسب نہیں سمجھتے بلکہ اس کو زہر قاتل سمجھتے ہیں۔مجھے امید ہے کہ کشمیری قوم بھارت کی اس چال اور سازش سے آگاہ رہے گی اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی امکانی کوشش بھی جاری رکھے گی

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر