مظفرآباد:جماعت اسلامی آزاد کشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاہے کہ وزیراعظم پولیس ملازمین کے مطالبات پورے کریں،جماعت اسلامی پولیس ملازمین کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے،بدقستمی ہے کہ آزاد کشمیر میں پبلک سرونٹ ایکٹ انگریزوں نے بنایاتھا جوآج تک چل رہاہے اس ایکٹ کے تحت حکمرانوں کی حفاظت کے لیے ریاست کی پولیس اور دیگر ادارے مصروف ہیں عوام اور ملازمین کی حفاظت کا ذمہ داران کون ہوگا،اس سارے نظام کو بدلنے کی ضرورت ہے،ان خیالات کااظہارانھوں نے تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انھوں نے کہاکہ ہماری قیادت نے عوام کی فلاح اوربہبود کے لیے قانون سازی کی اور نہ ہی اس کی ضرورت محسوس کی وہ صرف اپنے عزیزوں کو نوازنے اور سکیم خور و ں اور سکیم چوروں کوتیار کرنے پر لگے رہے،مختصر آبادی رکھنے والایہ خطہ مسائل کی آماج گاہ بنا ہواہے،نوجوان بے روزگار ہیں ریاستی وسائیل عیاشیوں پرصرف ہورہے ہیں پہلے حکومت اور اپوزیشن کا تصور ہوتاتھا آج وہ بھی ختم ہوچکاہے حکومت کے کیک پر سب جمع ہیں مگر عوام کے مسائل کے حل سے کسی کوکوئی دلچسپی نہیں ہے،انھوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اس سارے کرپٹ اورباطل نظام کو بدلنے کی جدوجہد کررہی ہے۔