اسلام آباد:امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا ہے کہ 2کروڑ کشمیری عوام سید علی شاہ گیلانی کے ادھورے مشن کی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،سید علی گیلانی تحریک آزادی کشمیر کے مسلمہ اور عظیم رہنما تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے وقف کر دی۔ ان کی زندگی اور جدوجہد کشمیری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے، ان خیالات کااظہارانھوں نے جماعت اسلامی آزاد کشمیر ضلع اسلام آباد کے زیر اہتمام قاہد حریت سید علی گیلانی کی یاد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔تقریب سے سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی، کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی، امیر جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد عطاء الرحمن چوہان، سیکرٹری ضلع راجہ عمیر میر راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے سینئر نائب صدر راجہ بشیر عثمانی عادل ترابی نے بھی خطاب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرمحمد مشتاق خان نے کہاکہ پانچ لاکھ کشمیری شہداء کامقد س لہو آزادی کی نوید بن کر طلوع ہوگا،مودی نے سوچا کہ سید علی شاہ گیلانی کو زیر احراست شہید کرکے تحریک آزادی کو کمزور کردے گا لیکن یہ اس کی بھول ہے آج ہر کشمیری بچہ بوڑھا جوان سب سید علی شاہ گیلانی بن چکے ہیں چار برس گزرنے کے باجود پور دنیا میں سید علی شاہ گیلانی کی یاد میں تقریبات اس کا ثبوت ہیں کہ کشمیری جاگ رہے ہیں اور اپنے مقصد آزادسے پیٹھے نہیں ہٹے بلکہ پوری قوت کے ساتھ آزای کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سید علی گیلانی کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے گرانقدر خدمات ہیں،وہ ایک نظریاتی و فکری رہنما تھے جنہوں نے کشمیری عوام کی جدوجہد کو اسلام اور پاکستان کے ساتھ جوڑ دیا۔ انہوں نے کبھی مایوسی یا کمزوری کا مظاہرہ نہیں کیا بلکہ ہمیشہ حوصلے، امید اور استقامت کا پیغام دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی کشمیر دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے اور جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا، اس وقت تک خطے کا امن قائم نہیں ہو سکتا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنونیئر غلام محمد صفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سید علی گیلانی ایک عظیم مقرر اور حق گو رہنما تھے جو ہمیشہ اصولوں پر ڈٹے رہے اور کسی مصلحت یا دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا۔ انہوں نے کہا کہ گیلانی کی بے مثال قربانیاں اور جدوجہد کشمیری عوام کے لیے روشنی کا مینار ہیں اور ان کے مشن کو ہر صورت جاری رکھنا ہوگا۔دیگر مقررین نے بھی سید علی گیلانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیری قوم کے حقیقی رہنما تھے جنہوں نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر اپنے اصولی مؤقف سے کبھی پیچھے نہ ہٹے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کی جدوجہد اور پیغام کو زندہ رکھنا ہی ان سے حقیقی وفاداری ہوگی۔