مظفرآباد:جماعت اسلامی آزاد کشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتا ق خا ن نے کہاہے کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیراور ایٹمی صلاحیت کا حامل ملک بنانے والے ڈاکٹر قدیر سمیت سارے کرداروں کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں،پاکستان ایٹمی ملک نہ ہوتا تو جنگی جنون میں مبتلامودی امریکی صدر کے پاؤں نہ پڑتا،ہندوستانی جارحیت کے خلاف پاکستان اور پاک فوج کی حالیہ فتح نے پاکستان کو دنیا بھر میں قابل فخر بنادیا،28مئی تاریخی دن ہے جس دن پاکستان نے چھ ایٹمی دھماکے کرکے ثابت کردیاکہ پاکستان ایٹمی ملک ہے،اہل کشمیرپوری پاکستانی قوم اور سائنس دانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،ایٹمی صلاحیت کے حامل 25کروڑ پاکستانی کشمیریوں کے لیے اللہ کے بعد سب سے بڑی طاقت ہیں،ان خیالات کااظہارانھوں نے اپنے دورہ مظفرآباد کے دوران میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انھوں نے کہاکہ نریندر مودی کو یاد رکھنا چاہیے کہ کشمیریوں کی پشت پر ایٹمی پاکستان ہے،پاکستان مسئلہ کشمیرکا وکیل اور فریق ہے،تحریک آزادی کشمیر دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے،تحریک آزادی کشمیرتحریک پاکستان کا ہی تسلسل ہے،ہندوستان کی قیادت نے جہاد سے خوف زدہ ہوکر اقوام متحدہ میں جاکر دنیا کے سامنے عہد کیا تھاکہ وہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دے گی اور کشمیری اپنی مرضی سے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں گے،ہندوستان کی قیادت اپنے عہد سے انخراف کرتی ہے تو عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف کاروائی کرے،ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ او آئی سی کے رکن ممالک اسرائیل اور ہندوستان کا خود بھی سیاسی اور معاشی بائیکاٹ کریں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مشترکہ قرارداد لائیں اور ہندوستان اور اسرائیل پر معاشی پابندیاں لگوائیں۔ہندوستان اور اسرائیل عالمی قوانین کی دھجیاں اڑارہے ہیں اور جنگی جرائم کے مرتکب ہورہے ہیں،کشمیراور فلسطین کی آزادی کی قراردادیں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں موجود ہیں دنیا نے تسلیم کررکھاہے،اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزیاں کرنے والے ہندوستان اور اسرائیل پر معاشی پابندیں عائد کی جائیں۔