مظفرآباد:جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان کے امیرڈاکٹر محمدمشتاق خان نے کہاہے کہ آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی نے غریب آدمی کی کمر توڑ دی ہے،موجودہ حالات میں غریب آدمی کے لیے روح اور جسم کا تعلق برقراررکھنا مشکل ہوگیاہے،وزیراعظم کابینہ کے سائز کو چھوٹا اورمراعات یافتہ طبقے کی مراعات ختم کریں،رشوت سفارش اور پرچی سسٹم نے غریب کا جینا دوبھر کردیاہے،جماعت اسلامی ظلم پرمبنی اس طاغوتی نظام کو تبدیل کرنا چاہتی ہے،موروثی قیادت کے مفادات ظلم پر مبنی طاغوتی نظام سے وابستہ ہیں،جماعت اسلامی ظلم کو شکنجہ توڑے گی،نوجوانو ں کے لیے باعزت روزگار کے مواقعے فراہم کرے گی ریاست کے تشخص کوبحال کرے گی بقیہ کشمیرکی آزادی کے لیے عملی اقدامات کرے گی،ان خیالات کااظہارانھوں نے مظفرآباد شہر کے زیر اہتمام ماہانہ نشست میں شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر امیر ضلع مظفرآباد راجہ آفتاب احمد خان،امیر شہر جاوید کار سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرمحمد مشتاق خان نے کہاکہ مظفرآباد شہر کو ماڈل شہر بنانے کے لیے جماعت اسلامی کے پاس لائحہ عمل ہے،جماعت اسلامی عمل پر یقین رکھتی ہے،جماعت اسلامی ریاست کے آزادخطوں کو اسلامی فلاحی ریاست ربنانا چاہتی ہے یہ ہمارے شہداء اور غازیوں کامشن تھا،جماعت اسلامی شہداء کے مشن کی علمبردار ہے،ریاست کے آزادخطوں کو تحریک کا حقیقی بیس کیمپ بنانا چاہتی ہے۔کشمیرکی آزادی اور طاغوتی نظام کی تبدیلی ہمارا ہدف ہے،قرآن وسنت کا نظام ہی ہمارے مسائل کا حل ہے۔