اسلام آباد:جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرگلگت بلتستان کے امیرڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاہے کہ لاکھوں خواتین کو جماعت اسلامی کا ممبر بنائیں گے،جماعت اسلامی آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 5لاکھ لوگوں کو ممبر بنا کر آزا دخطوں میں حقیقی تبدیلی لائے گی،خواتین کے لیے الگ جامعات اور میڈیکل کالجز قائم کریں گے،خواتین آبادی کا نصف ہیں ان کے لیے الگ روزگار کے مواقعے فراہم کریں گے،بنوقابل پروگرا م میں خواتین اور بچیوں کے لیے فری آئی ٹی کورسز کرائیں گے،جماعت اسلامی ریاست کے آزاد خطوں کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے،ان خیالات کااظہارانھوں نے خواتین کی تین روزہ تربیت گاہ میں شریک خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی قیمہ ڈاکٹر طلعت صادق سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ نااہل قیادت نے ریاست کے دونوں آزاد خطوں کے عوام کو مسائل سے دوچار کیاہواہے بیس کیمپ نہ تو حقیقی بیس کیمپ بن سکا اور نہ ہی یہاں کے عوام کے مسائل حل ہوئے ان حالات میں جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ اعتماد کریں تو جماعت اسلامی عوام کے مسائل بھی حل کرے گی اور تحریک آزادی کشمیرمیں بھی اپنا حقیقی کردار ادا کرے گی،کشمیرکی آزادی اور نظام کی تبدیلی ہمارا ایجنڈا ہے،جماعت اسلامی ظلم پر مبنی اس باطل نظام کو تبدیل کرکے اس کی جگہ عدل پر مبنی اسلامی نظام لانے کی جدوجہد کررہی ہے۔