اسلام آباد:جماعت اسلامی آزاد کشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاہے جماعت اسلامی آمدہ انتخابات میں اپنے جھنڈے اپنے نشان اور اپنے منشور کے مطابق بھرپور انداز سے حصہ لے گی،جماعت اسلامی میں موروثیت اور سرمائے کاکوئی عمل دخل نہیں ہے،سیاسی قیادت کے لیے بہترین پلیٹ فارم جماعت اسلامی ہے,موروثی قیادت اور فرسودہ نظام عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکاہے،عوام اب مزید آزمائے ہوئی قیادت کو آ زمانے کی بجائے جماعت اسلامی کی امانتدار دیانتدار قیادت کو منتخب کریں،عوام دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہی ہے اور ممبران اسمبلی اپنی تنخواہوں میں کئی گنا اضافہ کرارہے ہیں،یہ نظام غریب کو غریب تراورامیرکوامیر ترکرنے والا استحصالی نظام ہے جماعت اسلامی ظلم پر مبنی اس ظالمانہ نظام کو تبدیل کرنے کی جدوجہد کررہی ہے،انسانوں کے لیے وہی نظام سب سے بہترین ہے جو اللہ نے دیاہے جماعت اسلامی اللہ کے دیے ہوئے نظام کے قیام اور غلبے کی جدوجہد کررہی ہے،ان خیالات کااظہارانھوں نے مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سابق امیر ڈاکٹر خالد محمود سیکرٹری جنرل راجہ جہانگیر خان نائب امراء اور دیگرامراء اضلاع نے گفتگوکی اجلاس میں سابق کام کا جائزہ لیاگیااور آئندہ کے اہداف طے کیے گئے،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خا ن نے کہاہے کہ جماعت اسلامی کا ہر سطح کا کارکن اور قیادت وارڈ ز کی سطح پر جماعت اسلامی کو منظم کریں موثر افراد کو جماعت اسلامی میں شامل کریں،روایتی سیاسی جماعتوں میں موروثیت کی وجہ سے غریب کارکن کو سامنے آنے کا کوئی موقع نہیں ہے سرمائے اور موروثی نے عام سیاسی کارکن کے لیے دراوزے بند کردیے ہیں میں آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کے سیاسی کارکنوں کو پیش کش کرتاہوں کہ وہ جماعت اسلامی میں آئیں جماعت اسلامی آپ کو مقام دے گی باقی جماعتیں آپ کو کوئی مقام نہیں دے سکتیں،صرف باپ بیٹے اور اس کے بعد ان کے پوتوں کی حمایت کرنے کی بجائے آئیں جماعت اسلامی میں آپ جماعت اسلامی کے امیر بن سکتے ہیں جماعت اسلامی میں موروثیت اور سرمائے کاکوئی عمل دخل نہیں ہے،سیاسی قیادت کے لیے بہترین پلیٹ فارم جماعت اسلامی ہے۔77برس کے تجربات کے بعد یہ حقیقت روزروشن کی طرح عیاں ہوکر سامنے آچکی ہے کہ حل صرف جماعت اسلامی ہے چہرے نہیں نظام بدلنے سے تبدیلی آئے گی نظام بدلنے کا ایجنڈ ا جماعت اسلامی کے پاس ہے۔