{AF}
ایکٹ74میں ترامیم کر کے آزاد خطے کو تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ بنایا جائے،عبدالرشید ترابی{/AF}
باغ کا تحریک آزاد ی کشمیر میں تاریخی کردار ہے یہاں کے شہداء اور مجاہدین نے آزادی کے لیے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کی ہے باغ میں ہائی کورٹ کا بینچ اور شریعت کورٹ قائم کرنے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں،1لاکھ نوجوان بے روزگار ہے جس کے روزگار کا کوئی لائحہ عمل حکومت کے پاس نہیں ہے پبلک سروس کمیشن ابھی تک قائم نہیں ہو سکا پڑھے لکھے نوجوانوں کا گلہ ہے کہ میرٹ کے بجائے مخصوص افراد کو نوازا جا رہا ہے ،علاقائی ،قبیلائی تعصبات سے بالا تر ہو کر نظام کی اصلاح کی جائے،وکلا ء معاشرے کا دماغ ہوتے ہیں وہ معاشرے کو اسلامی خطوط پر استوار کرنے کے لیے ہمارا ساتھ دیں،حکومت کا 80فیصد بجٹ غیر ترقیاتی ہے اور صرف 8ارب روپے ترقیاتی منصوبوں کے لیے رکھے جاتے ہیں جو کرپشن کی نذر ہوجاتے ہیں،حکومت مسائل کے حل پہ توجہ دے،جلد آل پارٹیز کانفرنس بلوا کر آئینی اصلاحات کی سفارشات کو حتمی شکل دے کر حکومت پاکستان کے سامنے پیش کریں گے باغ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ ایکٹ74میں ترامیم کر کے آزاد خطے کو تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ بنایا جائے آزاد خطے کی حکومت کو با اختیار اور با وقار بنایا جائے اور حکومت کی ذمہ داری بھی ہے کہ وہ اپنے ان اختیارات کو عدل و انصاف کے ساتھ استعمال کرے،باغ کا تحریک آزادی کشمیر میں تاریخی کردار ہے یہاں کے شہداء اور مجاہدین نے تحریک آزادی کشمیر میں لازوال قربانیاں پیش کی ہیں اور ان کے مشن کی تکمیل کے لیے اجتماعی کردار ضروری ہے،ایکٹ 74اس وقت بنایا گیا جب مقبوضہ کشمیر میں کوئی تحریک نہیں تھی کشمیریوں نے آزادی کی شروع کر رکھی ہے اس تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے آزاد خطے کا فیصلہ کن کردار ہے،ایکٹ 74میں ترامیم کے لیے جلد آل پارٹیز کانفرنس بلوا کر سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی اور ان کو حکومت پاکستان کے سامنے پیش کیا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسویسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار ایسویسی ایشن کے صدر سردار طارق مسعود ،سیکرٹری جنرل راجہ عبدالحفیظ نے خطاب کیا،اس موقع پر ضلع باغ کے امیر عثمان انور،سابق امیر نثار شائق،مولانا ہدایت سمیت دیگر قائدین موجود تھے،ڈسٹرکٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ 1لاکھ نوجوان بے روزگار ہیں ان کے روزگار کے لیے حکومت کے پاس کوئی لائحہ عمل نہیں ہے میرٹ کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں پبلک سروس کمیشن تا حال مکمل نہ کرنا بڑا ظلم ہے نوجوان شکایات کر رہے ہیں کہ میرٹ نہ ہونے کی وجہ سے ان کے لیے روزگار کے دروازے بند ہیں،عبدالرشید ترابی نے باغ وکلاء کے مطالبے کی بھرپور حمایت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ باغ میں ہائی کورٹ بینچ اور شریعت کورٹ قائم کیا جائے یہ یہاں کادرست مطالبہ ہے یہاں کے غریب عوام غربت کی وجہ سے سفرکرنے سے قاصر رہتے ہیں اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ بڑی بد قسمتی ہے کہ ریاستی وسائل غیر ترقیاتی منصوبوں پر استعمال کیے جا رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے بجٹ میں بہت کم رقم رکھی جاتی ہے انہوں نے کہا کہ 52ارب روپے کے بجٹ میں سے صرف8ارب روپے ترقیاتی کاموں کے لیے مختص کیے جاتے ہیں اور وہ بھی کرپشن کی نذر ہو رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ حکومت اصلاح احوال کرے علاقوں ،قبیلوں کے تعصبات سے بالا تر ہو کر نظام کی اصلاح کرے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ وکلاء معاشرے کا دماغ ہوتے ہیں وہ معاشرے کی اصلاح اور اس معاشرے کو اسلامی خطوط پر استوار کرنے کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔