{AF}
15اگست کو مظفر آباد سے چکوٹھی آزادکشمیر مارچ تاریخی ہوگا۔ اہل کشمیر اس میں بھرپور شرکت کر کے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو حوصلے کا پیغام دیں ، عبدالرشید ترابی{/AF}
باغ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ 15اگست کو مظفر آباد سے چکوٹھی آزادکشمیر مارچ تاریخی ہوگا۔ اہل کشمیر اس میں بھرپور شرکت کر کے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو حوصلے کا پیغام دیں ، کوئٹہ ہسپتال میں بم دھماکہ قابل مذمت ہے شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں ، ہندوستان پاکستان میں تخریب کاری کروا کر پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کر کے کشمیر پر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر مارچ میں شرکت کے لیے نو منتخب وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کو دعوت نامہ دے دیا ہے اسی طرح آزاد کشمیر سمیت پاکستان کی قومی قیادت کو دعوت نامے جاری کر دیے ہیں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق اپنے وفد کے ہمراہ مارچ میں شریک ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر ایک بار پھر 1990ء کی سطح پر ابھر چکی ہے ، اس تحریک کو دبانے کے لیے ہندوستانی فوج مظالم کی انتہا کر رہی ہے ، بچوں بوڑھوں ، خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، پیلٹ گن سے سینکڑوں نوجوانوں کو بینائی سے محروم کر دیاگیا ہے پوری ریاست میں ایک ماہ سے زائد عرصے پر محیط کرفیو کا نفاذ ہے ، غیور اور حریت پسند کشمیری کرفیو کو توڑتے ہوئے پاکستانی پرچم لے کر سڑکوں پر نکل رہے ہیں ، ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی نے آزادی مارچ کا اعلان کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو معاشی ، سیاسی عدم استحکام شکار کر کے کشمیر پر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے ۔حکومت پاکستان اپنے کھلے دشمن کو پہچانے اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کرے اور عالمی سطح پر سفارتی مہم منظم کرے۔