{AF}
وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی طرف سے 22تاریخ کو نریندر مودی کے مظالم کے خلاف یوم مذمت منانے کی توثیق کرتے ہیں ،عبدالرشید ترابی {/AF}
باغ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی طرف سے 22تاریخ کو نریندر مودی کے مظالم کے خلاف یوم مذمت منانے کی توثیق کرتے ہیں ، 22اگست کو آزاد کشمیر گلگت بلتستان اور مہاجرین مقیم پاکستان بھر پور طور پر یوم مذمت منایا جائے گا۔ نریندر مودی حالات کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے ، بانکی مون کی تشویش خوش آئند ہے لیکن آگے بڑھ کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی مقبوضہ ریاست میں بد ترین ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کر رہا ہے، عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کا نوٹس لے اور یہ مظالم رکوائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بھرپور سفارتی مہم کا اہتمام کرے جس میں بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے میں نے وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کو ایک خط ارسال کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر اور اسمبلی بیس کیمپ کا حقیقی کردار کی بحالی کے لیے ہم کوشش کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں ممنوعہ ہتھیار جس میں پیلٹ گنوں کے ساتھ ساتھ بعض شوائد ملے ہیں جن میں کیمیائی ہتھیار بھی استعمال کیے گئے ہیں عالمی برداری ان ہتھیاروں کے استعمال کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو نریندر مودی کے مظالم سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔