{AF}
کشمیری 14اگست کو یوم آزادی اور 15اگست کو یوم سیاہ منا کر اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ وہ پاکستان سے محبت اور بھارت سے نفرت کرتے ہیں ،نورالباری {/AF}
اسلام آباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے قائمقام امیر نورالباری نے کہا ہے کہ کشمیری 14اگست کو یوم آزادی اور 15اگست کو یوم سیاہ منا کر اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ وہ پاکستان سے محبت اور بھارت سے نفرت کرتے ہیں ،ہندوستان کا ماسوائے طاقت کے مقبوضہ کشمیر پر قبضے کا اور کوئی جواز نہیں ہے ،کشمیری استبدادی قبضے کے خلاف مبنی برحق جدوجہد کررہے ہیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ کشمیر یوں نے ہندوستان کی طرف سے تمام استعماری ہتھکنڈوں طمہ لالچ اور طاقت کے بے تحاشہ استعمال ،انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کے باوجود ہندوستان کے قبضے کو تسلیم نہیں کیا ،کشمیریوں نے پاکستان بننے سے قبل ہی اپنا الحاق مجوزہ پاکستان سے کر کے اپنی منزل طے کر دی تھی انہوں نے کہاکہ ہندوستان نے جس طرح انگریز سے جدوجہد کرکے آزادی حاصل کی ہے اسی طرح کشمیری بھی غاصب ہندوستان سے آزادی حاصل کر کے رہیں گے انہوں نے کہاکہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جائز جدوجہد کررہے ہیں اس کو ہندوستان سمیت ساری دنیا نے تسلیم کررکھا ہے عالمی برادری کشمیریوں کے اس تسلیم شدہ حق کو دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ،انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہو گا اس موقع پر انہوں نے کہاکہ آسیہ اندرابی ،صوفیہ اور نسرین کے خلاف ہندوستانی جیل حکام انسانیت سوز سلوک کررہے ہیں جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں انسانی حقوق کے اداروں کو اس کا نوٹس لینا چاہیے ۔