{AF}
جماعت اسلامی 5اگست کو دنیا بھر میں جہاں کشمیری آباد ہیں یوم سیاہ کے طور پر منائے گی،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
اسلام آباد(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی 5اگست کو دنیا بھر میں جہاں کشمیری آباد ہیں یوم سیاہ کے طور پر منائے گی،ہندوستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر،سلامتی کونسل کی قراردادوں اور تمام انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے 5اگست کو مقبوضہ کشمیر کو انڈین یونین میں ضم کرکے کشمیریوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے،5اگست سے مقبوضہ کشمیر میں بدترین لاک ڈاؤن اور ظالمانہ کرفیو نافذ ہے مظلوم کشمیریوں کے گھر جیلوں کا منظرپیش کررہے ہیں کشمیری اپنے وفات پاجانے والے عزیزوں کو گھروں میں دفن کرنے پر مجبور ہیں،بچوں،بوڑھوں،جوانوں اور خواتین پر مظالم کی انتہا کی جارہی ہے ضرورت اس امر کی تھی کہ عالمی برادری ہندوستان کے ان جنگی جرائم کے خلاف سلامتی کونسل میں قرارداد پاس کر کے فوجی مداخلت کرتی بدقسمتی سے عالمی برادری مجرمانہ طور پر خاموش ہے،انہوں نے کہاکہ ہندوستان نے تمام استعماری ہتھکنڈے استعمال کر لیے ہیں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے ہندو ؤں کو آباد کرنے کے لیے جعلی ڈومیسائل جاری کیے جارہے ہیں اسرائیل طرز کی بستیاں بسانے کی سازشیں کی جارہی ہیں،5اگست سے اب تک سینکڑوں کشمیریوں کو شہید ہزاروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے مظالم کا سلسلہ جاری ہے،انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کے باوجود کشمیریوں کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا ان تمام حالات کے باوجود مجاہد صفت کشمیریوں کی استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں کہ وہ اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی 5اگست کو ہندوستانی اقدامات کے خلاف ریلیاں،جلسے جلوس،اور سیمینارز کا انعقاد کرے گی اقوام متحدہ کے مبصرین کو یاداشتیں پیش کی جائیں گی انسانی حقوق کے اداروں کو متوجہ کیا جائے گا کہ وہ کشمیرکا دورہ کریں اس موقع پر انہوں نے او آئی سی سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کو آزادی دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔