{AF}
19جولائی1947ء کو کشمیری قیادت نے عوام کی تائید سے قرارداد الحاق پاکستان منظور کر کے اپنے مستقبل کا تعین کردیا تھا،ڈاکٹر خالد محمود{/AF}
راولپنڈی( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ 19جولائی1947ء کو کشمیری قیادت نے عوام کی تائید سے قرارداد الحاق پاکستان منظور کر کے اپنے مستقبل کا تعین کردیا تھا ،برصغیر میں اسلام کے نام پر معروض وجود میں آنے والی مملکت کے لیے جو تاریخی جدوجہد جاری تھی کشمیریوں نے اس اسلامی مملکت کے ساتھ اپنا مستقبل وابستہ کر کے اسلام سے گہری وابستگی کا ثبوت فراہم کیا ،ان خیالات کااظہار انہوں نے19جولائی یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا ،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کشمیر مکمل آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا اور پاکستان عالم اسلام کا حقیقی ترجمان اور پشتیبان بنے گا ،کشمیر کی مکمل آزادی اور الحاق پاکستان تک پاکستان ادھورا ہے کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں مسئلہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نا مکمل ایجنڈا ہے انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر معروض وجود میں آنے والی مملکت میں اسلام کا حقیقی نظام نافذ نہ ہو سکا اور اﷲ سے جو ہم نے عہد کیا تھا اس سے بے وفائی ہوئی جس کے نتیجے میں پاکستان دولخت ہوا آج پھر پوری قوم تجدید عہد کرے کہ جن مقاصد کے لیے یہ ملک حاصل کیا تھا اس کے نفاذ اور قیام کے لیے جدوجہد کرے گی ،انہوں نے کہا کہ آج ہم جن مشکلات اور مسائل کا شکار ہیں اس کا سبب قرآن وسنت کی تعلیمات سے دوری اور اﷲ کے دئیے ہوئے نظام کے نفاذ سے غفلت برتنا ہے ہمارے مسائل کا حل قرآن وسنت کے نظام میں مضمر ہے انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے ضروری ہے کہ قائد اعظم کی کشمیر پالیسی کا احیاء کیا جائے اور بیس کیمپ کو حقیقی بیس کیمپ بنایا جائے ۔