{AF}
جماعت اسلامی کے یوم تاسیس 13جولائی در اصل شہداء کشمیر کے مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہدکرنا ہے ،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
راولاکوٹ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے یوم تاسیس 13جولائی در اصل شہداء کشمیر کے مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہدکرنا ہے ، 13جولائی 1931ء کو کشمیریوں نے آذان کی تکمیل قربانیاں دے کر اور قبل ازیں قرآن کی بے حرمتی اور خطیب کو کو خطبہ دینے سے روکنے پر احتجاج کر کے خالص اسلامی تشخص قائم کر دیا تھا ،13جولائی کو جماعت اسلامی آزاد کشمیر کی تاسیس کا دن بھی اسی لیے رکھا گیا کہ جماعت اسلامی اس مشن کی تکمیل کرے گی جو مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کا مشن تھا ،13جولائی 1974ء کو جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان کا قیام عمل میں آیا اور مولانا عبدالباری اس کے پہلے امیر مقرر ہوئے ،جماعت اسلامی تب سے لے کر آج تک آزاد خطے کی فلاح و بہبود اور بقیہ کشمیرکی آزادی کے لیے میدان جہاد میں ہے ،جماعت اسلامی کے نصب العین میں کشمیر کی آزادی اہم حصے کے طور پر موجود ہے جماعت اسلامی نے تحریک آزادی کشمیر کو منظم کیا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے یوم تاسیس جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر اور شہداء کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں کیا ،ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ جماعت اسلامی اول روز سے ہی تحریک آزادی کشمیر کی پشتیبانی کا کردار ادا کررہی ہے ،کشمیری 200سال سے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کررہے ہیں،انہوں نے کہا کہ شہداء کے مقدس لہو کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ہم ان کے مشن کے امین ہیں ہم مظلوم کشمیریوں کی پشت پر ہیں ، انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی آزاد خطے میں نظام کی اصلاح ،خدمت ،صحت اور تعلیم کے میدان میں گراں قدر خدمات سر انجام دے رہی ہے ،آزاد خطے میں جب نظام تعلیم تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا تو جماعت اسلامی نے قوم کو متبادل نظام تعلیم دیا اور نوجوان نسل کا مستقبل تاریک ہونے سے بچایا ،جماعت اسلامی ہی حقیقی معنوں میں جمہوری پارٹی ہے جس میں کوئی مورثیت نہیں ہے تمام فیصلے مشاورت سے کیے جاتے ہیں انہوں نے کہاکہ آزاد خطے کا مستقبل جماعت اسلامی سے وابستہ ہے ۔