{AF}
21 جولائی کے انتخابات میں حلقہ کوٹلی سے جماعت اسلامی حیران کن نتائج دے گی۔عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ {/AF}
کوٹلی ( ) امیر جماعت اسلامی ضلع کوٹلی اور نامزد امیدوار اسمبلی عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ 21 جولائی کے انتخابات میں حلقہ کوٹلی سے جماعت اسلامی حیران کن نتائج دے گی۔ ہمارا مقابلہ کرپٹ نظام اور اس کے محافظوں کے خلاف ہے کوٹلی کے لوگ آج بھی پینے کے صاف پانی سے محروم زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، پیسوں سے عوامی ضمیر خریدنے والوں کا مستقبل تاریک ہے، عوامی حقوق کی بازیابی کیلئے زندگی کی آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھوں گا۔ 21 جولائی کو عوام مجھے کامیاب کرائیں تمام محرومیوں کا ازالہ کروں گا کوٹلی کے عوام برادری ازم اور وقتی مفادات سے بالاتر ہو کر میرٹ کی بنیاد پر ووٹ دیں تو تمام مسائل خود بخود حل ہو جائیں گے، الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے،نان کسٹم اور چوری کی گاڑیوں کے قافلے چلا کر عوامی ضمیر متاثر کرنے والوں کو کنٹرول کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار اسمبلی حلقہ کوٹلی عبدالحمید ایڈووکیٹ نے گزشتہ روز عوامی شاپنگ پلازہ کوٹلی میں الخدمت کے تحت افطار ڈنر پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا پروگرام سے سردار ذاکر حسین نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر چوہدری جمیل احمد، زاہدالحسن چوہدری ایڈووکیٹ، ملک ضرار دانش، شاہد کاظمی اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی، عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن یتیم بچوں کی کفالت سمیت انسانیت کی خدمت کیلئے بے شمار منصوبوں پر کام کر رہی ہے وہ کام جو حکومتوں کو کرنے چاہئے وہ اقتدار کے بغیر جماعت اسلامی کر رہی ہے لوگ 21 جولائی کو ووٹ کا درست استعمال کر لیں تو خطہ مثالی ریاست بن سکتا ہے۔