{AF}
چیرمین حریت سید علی گیلانی نے آج ساتویں مرحلے پراسلام آباد اور سرینگر اضلاع کے سیلاب سے متاثرہ 50گھرانوں میں 10،10ہزار روپئے کے چیک اور دیگر اشیاء ضروری پر مشتمل پیکٹس تقسیم کئے۔ {/AF}
سرینگر( پ ر)اس موقع پر سید علی گیلانی نے متاثرین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سیلاب سے متاثرہ عوام کی جو کچھ مدد کررہے ہیں یہ کوئی بڑی امداد نہیں ہے، بلکہ ایک حقیر تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا ہماری خواہش ہے کہ جو لوگ اﷲ تعالیٰ کے فضل وکرم سے سیلاب کی آفت سے محفوظ رہے وہ مسلسل ہماری مدد وا عانت کرتے رہیں، تاکہ ہم سلسلہ امداد کو جاری رکھتے ہوئے مصیبت زدہ عوام کو راحت پہنچا کر ان کے دکھ درد میں شریک ہوسکیں۔ انہوں نے کہا آفتیں چاہے زمینی ہو یا آسمانی ہر آزمائش اور عذاب اﷲ کی طرف سے ہوتا ہے اور جب لوگ اﷲ کے باغی بن جاتے ہیں، شراب کھلے عام بکتا ہو، سودی کاروبار عام ہو، ظلم وجبر کا بازار گرم ہو، معاشرے میں بگاڑ پیدا ہو، بے حیائی کو فروغ مل رہا ہو اور ان بدیوں اور برائیوں کو روکنے والا نہ ہو تو اﷲ تعالیٰ کی طرف سے عام وخاص کو عذاب میں مبتلا کیا جاتا ہے، سوائے وہ لوگ بچ جاتے ہیں جو بدیوں اور برائیوں کو روکنے کی جدوجہد کریں، ظالم کو ظلم سے باز رکھیں۔ جو خود بدکار ہوں ظالم ہوں یا جو تماشائی بنے ہوئے ہوں۔ اگر انہیں دنیا میں بھرپور سزا نہ بھی ملے مگر وہ آخرت میں جہنم کا ایندھن بنیں گے۔ انہوں نے کہا حالیہ سیلاب بھی ایک آفت تھی، ایسی آفت آنے کے بعد بھی اگر ہم نہیں سدھریں گے تو اﷲ تعالیٰ اس سے سخت عذاب میں مبتلا کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔ اس لیے ہمیں اپنا احتساب کرکے اپنے اعمال کو درست کرنا چاہیے۔ سکولوں، کالجوں، دفتروں، یونیوسٹیوں اور ہر سطح پر ہمیں اپنا احتساب کرنا چاہیے اور نیک کاموں کی طرف راغب ہونا چاہیے۔ لوگوں کی مدد کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کمزور اور مصیبت زدہ عوام کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری بھی ہے اور خواہش بھی، کیونکہ ہماری قوم کا سب کچھ چھن چکا ہے۔ مکانات، دکانات، کاروبار، تعلیم، کتابیں، جائیدادیں سب کچھ سیلاب کی وجہ سے تباہ وبرباد ہوچکا ہے۔ حکومت کی ذمہ داری بنتی تھی کہ وہ متحرک ہوکر لوگوں کی مدد کرتی، مگر انہوں نے خود تماشائی کا کردار ادا کرکے مجرمانہ غفلت کی اور عوام کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑکر الیکشن لڑنے کو ترجیح دی۔ پوری قوم کو بھارت اور بھارت نواز سیاست دانوں کی یہ اقتدار پرستی کٹھکتی ہے۔ تین لاکھ رہائشی مکانات مسمار ہوئے۔لاکھوں افراد بے سروسامانی کی حالت میں زندگی بسر کررہے ہیں، مگر حکومت کی طرف سے عوام کو کوئی راحت نہیں ملی۔ گیلانی صاحب نے کہا ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ عالمی سطح پر یہاں ریلیف آنا چائیے، مگر اس پر بھی بھارت نے پابندی عائد کی اور اب اگر کسی نے ریلیف دینا چاہا تو اس کو بھارتی وزیر اعظم فنڈ میں جمع کرنے کی شرط رکھی گئی۔ انہوں نے کہا 57مسلم ممالک یہاں کے سیلاب زدگان کو ریلیف دینا چاہتے ہیں، مگر بھارت کی حکومت رکاوٹ بنی ہوئی ہے، مگر ان تمام مشکلات اور رُکاوٹوں کے باوجود ہماری قوم خاص کر جوانوں نے جس جذبہ مروت، ایثار، بہادری، انسانیت اور ہمدردی کا مظاہرہ کیا وہ ہماری تاریخ میں سنہری باب کی حیثیت رکھتا ہے۔ کسی کو بھوکا نہیں رہنے دیا گیا۔ لنگر لگائے گئے۔ لوگوں کو سیلاب سے نکالا گیا۔ کھانے پینے کی چیزیں اور ادویات وغیرہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے جانوں کو خطرات میں ڈالا گیا۔ ہماری قوم اور جوان خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا مکانات، دکانات اور کاروبار کے نقصان کی تلافی ہم از خود نہیں کرسکتے ہیں، اس کے لیے عالمی امداد کی ضرورت ہے اور مقامی سطح پر ہر جگہ بیت المال دیانت دار اور خداپرست لوگوں کی تحویل میں ہونے چاہیے تھے، جن میں زکوٰۃ، صدقات، خیرات اور عشر جمع کرکے متاثرین کی مدد کرکے غربت کو ختم کیا جاسکتا ہے، مگر بدقسمتی سے ہمارے بیت المال زیادہ تر نیشنل کانفرنس، کانگریس اور پی ڈی پی سے وابستہ افراد کے کنٹرول میں ہیں اور ان بیت المالوں کا صحیح استعمال نہیں ہورہا ہے۔ ان کے ذریعے ضرورت مندوں کی مدد نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا سب سے بڑی بدقسمتی اس قوم کے لیے یہ ہے کہ ریاست میں جگہ جگہ بڑے بڑے اوقاف موجود ہیں، جن کے پاس زمینیں، باغات، جائیدادیں اور بے شمار نقد ذرائع سے آمدنی وصول ہوتی ہے اور اگر یہاں کے اوقاف کو دیانتدارنہ لوگوں کی تحویل میں دیا گیا ہوتا تو جموں کشمیر کے عوام کی مشکلات کو حل کیا جاسکتا ہے۔ غریب اور پسماندہ طبقات کے مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے، مگر یہاں کے تمام اوقاف سرکاری لوگوں کے قبضے میں ہیں جو لادین سیاست کے علمبردار اوقاف کی دولت کو اپنے مفادات پر خرچ کرتے ہیں۔ گزشتہ 67سال سے ہم دیکھ رہے ہیں جب سے یہاں بھارت کا قبضہ ہے اور فوجی چھتر چھایا میں برسرِ اقتدار آنے والی ہر حکومت سب سے پہلے اوقاف پر قبضہ جمالیتی ہے۔ ان لوگوں سے یہاں کے عوام اوقاف کا حساب نہیں لیتے ہیں۔ اوقاف سے پوچھا نہیں جاتا ہے کہ آپ نے کن کی مدد کی اور 67برسوں کی اوقاف کی کیا کارکردگی ہے۔ اگر یہاں کے اوقاف شریعت کے اصولوں کے پابند ہوتے پھر تو سیلاب کی قومی آفت کے موقع پر یہی اوقاف کھربوں روپئے عوام کو ریلیف دے سکتے تھے، مگر لادین سیاست کے علمبرداروں نے قومی ملکیت کی لوٹ کھسوٹ کرکے عوام کا استحصال کیا اور اوقاف کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔ یہی لادین سیاست کے علمبردار شراب کی لائسنس فراہم کرتے ہیں۔ سود کو فروغ دیتے ہیں، بے حیائی اور بے شرمی کو عام کررہے ہیں۔ اسلامک یونیورسٹی کے تمام تعلیمی ادارے کو متعارف کرتے ہیں، مگر وہاں بے حیائی اور بے شرمی کو یونیورسٹی انتظامیہ اور ایڈمنسٹریشن کی سرپرستی میں فروغ مل رہا ہے۔ گیلانی صاحب نے کہا ہماری قوم کو بھولنے کی عادت چھوڑ کر اپنا بھی احتساب کرنا چاہیے اور سامنے آنے والے بہروپیوں کا بھی احتساب کرنا چاہیے اور بکاؤ مال نہ بننا چاہیے کہ جو چاہے کشمیری عوام کو خریدے۔ نہیں ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ ریلیف تقسیم کرنے کی اس تقریب میں چیرمین ریلیف کمیٹی پیر سیف اﷲ، نائب چیرمین محمد یوسف مجاہد، ڈسٹرِبیوشن انچارج راجہ معراج الدین، عبدالحمید ماگرے اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔