{AF}
ہندوستان کی قابض 8لاکھ افواج مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کررہی ہے عالمی برادری اس کا نوٹس لے ، ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
اسلام آباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ ہندوستان کی قابض 8لاکھ افواج مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کررہی ہے عالمی برادری اس کا نوٹس لے ،جماعت اسلامی کشمیریوں کی پشتیبانی کا حق اد ا کرتی رہے گی ،حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ہندوستان کے مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے اپنا کردارادا کرے ،مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو میڈیا اجاگر کرے تا کہ ہندوستان کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو سکے ،تحریک آزادی کشمیر فیصلہ کن مرحلے میں ہے کشمیریوں نے اپنے حصے کا کردار ادا کر لیا ہے اس تحریک کو منزل سے ہمکنار کرنے کے لیے بیس کیمپ اور پاکستان کی حکومت فیصلہ کن کردار ادا کرے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے کل جماعتی حریت کے قائدین کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب سے غلام محمد صفی،فیض نقشبندی،محمود ساغر،یوسف نسیم،رفیق ڈارسمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،تقریب میں نائب امراء نورالباری،راجہ جہانگیر خان،سیکرٹری جنرل راجہ فاضل تبسم سمیت جماعت اسلامی کے دیگر قائدین نے شرکت کی ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ حریت راہنماؤں کی طرف سے جو تجاویز آئی ہیں جماعت اسلامی ان کے مطابق اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کرے گی ،کشمیری پاکستان کی سلامتی ،استحکام اور بقاء کی جنگ لڑرہے ہیں کشمیریوں کو اہل پاکستان سے توقعات وابستہ ہیں پاکستان کی قوم سے ہمیں کوئی گلہ نہیں ہے لیکن حکومتوں کی سطح پر جو کام ہونا چاہیے تھا وہ نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے تحریک آزادی کشمیر طوالت اختیار کررہی ہے انہوں نے کہاکہ کشمیرکے اندر ایک انقلاب ہے تحریک مزاحمت میں لوگ شامل ہورہے ہیں پڑھے لکھے نوجوان ،ڈاکٹرز اور انجینئرز بھی کتاب اور قلم چھوڑ کر میدان جہاد میں شامل ہورہے ہیں ہندوستان کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے کشمیریوں کو طاقت کی بنیاد پر غلام نہیں رکھا جاسکتا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے غلام محمد صفی نے کہاکہ ہندوستان کی افواج رات کے اندھیرے اور دن میں پورے پورے گاؤں کا گھیراؤ کر کے ظلم کی انتہا کررہی ہے گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے کھیتوں کو اجاڑا جا رہا ہے ،کشمیریوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں بند کیا جارہا ہے ،فوجی آفیسرز گرفتار شدگان کی بہنوں کو بلا کر فوجی چھاونیوں میں ان سے کہہ رہے ہیں کہ اگر اس کو رہا کروانا ہے تو پھر ہم ساتھ چلنا ہو گا اس سے بڑا ظلم اور کیا ہو گا اس موقع پر فیض نقشبندی نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ کشمیریوں کی پشتیبانی کی ہے ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ وہ آئندہ بھی پشتیبانی جاری رکھیں گے ۔