{AF}
جماعت اسلامی 3دسمبر کو پونچھ بھر میں قومی دولت لوٹ کر مہنگائی بے روزگاری اور میرٹ کا قتل عام کرنے والوں کے خلاف بھرپور مظاہر ہ کرے گی،سردار عبدالحلیم خان{/AF}
آٹے کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کر کے غریب عوام کے منہ سے نوالہ تک چھینا جا رہا ہے،پونچھ یونیورسٹی ،میڈیکل کالج اور تعلیمی اداروں میں میرٹ سے ہٹ کر تقرریاں کر کے پڑھے لکھے نوجوانوں کے حقوق پر شب خون مارا گیا ہے،جماعت اسلامی پونچھ کے مسائل میں اضافہ کرنے والوں کو بے نقاب کرے گی،پونچھ کے غیور عوام اپنے حقوق کے حصول کے لیے جماعت اسلامی کے احتجاج میں شریک ہو کر ملی بیداری کا ثبوت دیں راولاکوٹ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر ضلع پونچھ کے امیر سردار عبدالحلیم خان نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی پونچھ 3دسمبر کو پورے پونچھ میں بھرپور احتجاجی مظاہرے کرے گی،قومی دولت لوٹ کر مہنگائی ،بے روزگاری اور میرٹ کا قتل عام کرنے والوں کو بے نقاب کرے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتجاجی مظاہروں کے حوالے سے منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ پونچھ کے نام نہاد سیاسی ٹھیکیدار وں پونچھ کے مسائل میں کمی کرنے کے بجائے اضافہ کر دیا ہے،سڑکیں کھنڈرات کا نقشہ پیش کررہی ہیں،تعلیمی ادارے تباہ کیے جا رہے ہیں،پونچھ یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کو چند اجارہ داروں نے ذاتی جاگیر سمجھ کر اس کو تباہ کر دیا ہے ان اداروں میں میرٹ کی بنیاد پر تقرریاں کرنے کے بجائے نا اہل لوگوں کو نوازنے کے لیے آماجگاہ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے جس سے یہ اداراے ابتدا ہی سے تباہی کی طرف جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کر کے غریب کے منہ سے نوالہ تک چھینا جا رہا ہے،روٹی ،کپڑا اور مکان کے دعوے کرنے والے اپنی تجوریاں بھر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ کچی سڑکیں کئی سال گزرنے کے باوجود بھی کچی ہیں آزاد خطے کا بجٹ وزراء اور کو آرڈنیٹرز اور مشیروں کی فوج ظفر موج اپنے اللو تللو میں اڑا رہی ہے ریاست کا یہ مختصر سا علاقہ بنیادی انسانی سہولیات سے محروم ہے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ عوامی مسائل کی ترجمان بن کر پونچھ کے عوام کے حقوق بازیاب کروائے گی اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ جدوجہد کو آگے بڑھائے گی انہوں نے کہا کہ پونچھ کے سارے حلقوں میں جلوس اور جلسوں کا اہتما م کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کمیٹیاں قائم کر دی گئیں ہیں عوام پونچھ کی عوام کے حقوق کے غاصبوں کو بے نقاب کرنے کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔