ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے اوآئی سی کے رکن ممالک ہندوستان کا سیاسی،معاشی اور سفارتی بائیکاٹ کریں،ڈاکٹر خالدمحمود خان
باغ(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالدمحمود خان نے کہا ہے کہ ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے اوآئی سی کے رکن ممالک ہندوستان کا سیاسی،معاشی اور سفارتی بائیکاٹ کریں،او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ کا دورہ آزادکشمیر کشمیریوں کے لیے حوصلے کا پیغام ہے،او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ ٰاسلامی ممالک کے سربراہان کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں مظالم کے حوالے سے متوجہ کریں،او آئی سی کا کشمیررابطہ گروپ فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجے تا کہ وہ خود جا کر قابض ہندوستانی فوج کے مظالم کا مشاہدہ کرے،ان خیالات کااظہار انہوں نے یونین کونسل چیڑان ریڑبن میں جماعت اسلامی کے سابق امیدوار ڈسٹرکٹ کونسلر آصف نقی کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر محمدتنویر انور خان،امیر جماعت اسلامی ضلع باغ خورشید چغتائی،سیکرٹری ضلع سردار مقصود صابر آصف نقی سمیت دیگر معززین علاقہ نے گفتگو کی،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے غیر ریاستی انتہا پسند ہندوؤں کو ڈومسائل جاری کررہا ہے مسلم تشخص کو ختم کیا جارہا ہے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں 15لاکھ قابض بھارتی فوج کالے قوانین کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہے نریندرمودی حالات کو ایٹمی جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے کشمیر4ایٹمی طاقتوں کے درمیان موجود ہے نریندرمودی کے اقدامات ایٹمی جنگ کا باعث بن سکتے ہیں جن سے نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کا امن خطرے میں پڑھ جائے گا عالمی اور اسلامی برادری ہندوستان کو مظالم سے باز رکھنے اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق حق خودارادیت دلانے کے لیے کردار ادا کرے کشمیری آزادی کے لیے پرعزم ہیں وہ صبح آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔