حکومت بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد انتظامی اور مالیاتی اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرے،ڈاکٹر خالد محمود خان
تراڑ کھل(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد انتظامی اور مالیاتی اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرے،جیتنے والے تمام امیدواران کو مبارک،جیتنے والے امیدواران اب کسی پارٹی کے نہیں بلکہ سب کے نمائندے ہیں،پونچھ ڈویژن میں عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا ہے ہم ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے عوام کے مسائل حل کرنا نمائندوں کی ذمہ داری ہے،آزادکشمیر میں تعمیر وترقی کے لیے مقامی سطح پر ڈسٹرکٹ لوکل کونسلر مسائل حل کریں گے حکومت نے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے میں لیت ولعل سے کام لیا تو جماعت اسلامی منتخب نمائندوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی،ان خیالات کااظہار انہوں نے نومنتخب کونسلر سردار حبیب کی طرف سے دئیے ہوئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر نومنتخب کونسلر سردار حبیب سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی اور کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کررہی ہے جب تک یہ اہداف حاصل نہیں ہوجاتے ہماری جدوجہد جاری رہے گی اس موقع پر انہوں نے کہاکہ میرپور بورڈ کے حوالے سے طلبہ سڑکوں پرہیں چیئرمین بورڈ اپنی ذمہ داریاں پور ی کریں اور وہ بچے جو اپنے پیپر ریچک کرانا چاہتے ہیں ان کو بغیر فیس کے پیپر چیک کرائے جائیں۔