پاکستان کے سپہ سالار محمد بن قاسم کی تقلید کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کی عزت و آبرؤ بچانے کے لیے عملی اقدامات کریں،شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ
مظفرآباد(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے مرکزی نائب امیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کے سپہ سالار محمد بن قاسم کی تقلید کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کی عزت و آبرؤ بچانے کے لیے عملی اقدامات کریں،کمسن محمد بن قاسم کی جدوجہد کی وجہ سے اس خطے میں اسلام پھیلا اور مسلمان آزادی سے زندگی بسر کررہے ہیں لیکن مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام ہندوستان کی قابض افواج کی سنگینوں کے سائے میں شدید مشکلات کا شکار ہیں انہیں نماز اور ترویح تک ادا کرنے کی اجازت نہیں ہے پاکستان کے سپہ سالا آگے بڑھیں اور مظلوم کشمیریوں کی آزادی کے لیے قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق عملی کردار ادا کریں،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی مظفرآباد شہر کے زیر اہتمام افطار ڈنر میں شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر امیر شہر شیخ منظور احمد سمیت دیگر راہنماؤں نے خطاب کیا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہاکہ آج کے سپہ سالار کے پاس بڑی ٹرینڈ فوج اور سامان حرب موجود ہے ہر طرح کی ٹیکنالوجی سے لیس ہماری افواج کے مقبوضہ کشمیر اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمان منتظر ہیں محمد بن قاسم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہمیں مظلوم مسلمانوں کی آزادی کے لیے عملی کردار ادا کرنا ہو گا انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں مسلمان محکومیت کی زندگی گزار رہے ہیں عسکری قیادت جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے سرشار ہو کر آگے بڑھے قوم ان کے شانہ بشانہ ہے۔