حکومت پاکستان کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت سے آگے بڑھ کر عملی مدد کرے،ڈاکٹر خالد محمود خان
اسلام آباد(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت سے آگے بڑھ کر عملی مدد کرے،جماعت اسلامی 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر دنیابھر میں بھرپور انداز سے منائے گی،قائد اعظم کے ویژن کے مطابق کشمیر پالیسی تشکیل دے کر عملی اقدامات کیے جائیں،نریندرمودی اور اس کے وزراء یاد رکھیں کشمیریوں نے جانوں کے نذرانے پیش کر کے آزادی حاصل کی ہے اور بقیہ کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں مودی کے استعماری ہتھکنڈوں اور مظالم کے باوجود کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کے مورچے میں ڈٹا ہوا ہے،ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں بدترین جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے عالمی برادری ہندوستان کے خلاف مداخلت کرے،ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ ہندوستان اقوام متحدہ کے چارٹر سلامتی کونسل کی قراردادوں اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف مداخلت کرتے ہوئے کشمیریوں کو اپنے عہد کے مطابق حق خودارادیت دلانے کے لیے کردار ادا کرے،ہندوستان کی قیادت نے خود اقوام متحدہ میں جاکر عہد کیا تھا کہ وہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دے گی اور کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں گے کشمیری اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنے حق کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کے حق مزاحمت کو بحال کیا جائے تا کہ وہ آزادی کی منزل حاصل کرسکیں ہندوستان کی قابض افواج نے پورے کشمیرکو ایک کھلی جیل میں تبدیل کرکے مظالم کی انتہا کردی ہے حکومت پاکستان آخری کشمیری کی شہادت کا انتظار کیے بغیر کشمیریوں کی عملی مدد کرے انہوں نے کہاکہ پوری قوم 5فروری کو سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے۔