{AF}
بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیاں نادرا کے ریکارڈ کے مطابق کی جائیں،ڈاکٹر خالد محمودخان{/AF}
اسلام آباد(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمودخان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیاں نادرا کے ریکارڈ کے مطابق کی جائیں،حلقہ بندیوں پر عوام کے شدید تحفظات ہیں حکومت عوام میں پائے جانے والی بے چینی کو دور کرنے کے لیے عذرداریوں کی تاریخ بڑھائے اور تمام تحفظات دور کرے، جماعت اسلامی اپنے جھنڈے،منشور اور نشان کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے گی،ان خیالات کااظہار انہوں نے امراء اضلاع کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر مرکزی نائب امیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ،سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان سمیت امراء اضلاع نے گفتگو کی،اجلاس میں سابقہ کام کا جائزہ اور آئندہ کے اہداف طے کیے گئے،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات طویل عرصے بعد منعقد ہو رہے ہیں انتخابات کے نظام اور طریقہ کار کی بہترین قانون ساز ی کے لیے حکومت آل پارٹیز کانفرنس بلائے اور تمام سیاسی جماعتوں کی تجاویز کی روشنی میں ایسا قانون بنائے جس سے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور عوام کے مسائل کا حل ممکن ہو انہوں نے کہاکہ 2017کی مردم شماری کے بعد آباد ی میں اضافہ ہوا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے نادرا سے ریکارڈ حاصل کرکے آبادی کے درست تناسب کے ساتھ حلقہ بندیاں کی جائیں انہوں نے کہاکہ عوام کے تحفظات کو دور کیا جائے تا کہ انتخابات کا عمل آگے بڑھے اور منصفانہ انتخاب ممکن ہو انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات مستقبل کی قیادت کی تیاری میں نرسری کی حیثیت رکھتی ہے اختیارات کا حقیقی معنوں میں نچلی سطح پر منتقل ہونے سے عام شہری کے مسائل حل ہوں گے۔