او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں کشمیر کو شامل کیا جائے،سراج الحق

{AF}siraj ul haqاو آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں کشمیر کو شامل کیا جائے،سراج الحق{/AF}

اسلام آباد(پ ر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کر کے مسلم اکثریت کو بدلنے کی سازش پر کاربند بزدل حکمران خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں،او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں کشمیر کو شامل کیا جائے،او آئی سی کے رکن ممالک مقبوضہ جموں وکشمیر میں مظالم کو رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں،جماعت اسلامی پاکستان کشمیریوں کی حقیقی پشتیبان اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے سالانہ اراکین جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم،امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر ڈاکٹر خالد محمود خان،سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان سمیت دیگر راہنماؤں نے خطاب کیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرا ج الحق نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر پر حکمران خاموش تماشائی بن گئے۔ عالمی ادارے اورانسانی حقوق کے چیمپیئنز کو مقبوضہ وادی میں بھارتی درندگی کا کھیل کیوں نظر نہیں آ رہا۔ کشمیر کی مائیں، بہنیں، بیٹیاں پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہیں۔ حکمرانوں نے کشمیر کاز سے بے وفائی کی۔ کشمیر کا سودا کرنے والوں کو قوم اور تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ موجودہ حکومت نے کشمیر کے مسئلہ پر بھارت کے سامنے مکمل سرنڈر کیا۔ وزیراعظم اب کشمیر کا نام تک بھول گئے۔ کشمیریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ جماعت اسلامی ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام جان لیں 22کروڑ پاکستانیوں کے دل ان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر اور پاکستان ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بہادری اور جرأت سے اپنا کیس لڑا اور تمام تر ظلم کے باوجود قابض بھارتی افواج کے سامنے سرنڈر نہیں کیا۔ یہ کشمیریوں کی ثابت قدمی اور جرأت کا نتیجہ ہے کہ آج دنیا کے کونے کونے میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا ذکر ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کے حکمرانوں نے کشمیر پر وہ سٹینڈ نہیں لیا جو انھیں لینا چاہیے تھا۔ بانی پاکستان محمد علی جناحؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، مگر بعد کے حکمرانوں نے قائد کے فرمان سے بے وفائی کی اور کبھی بھی جرأت و بہادری سے کشمیر کا مقدمہ نہیں لڑا۔ انھوں نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے ایکشن پلان تیار کریں،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ جماعت اسلامی غلبہ دین کی تحریک ہے اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام اور غلبے کی جدوجہد انبیاؑ کا مشن ہے شہداء کشمیر کی قربانیوں کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے حکومت پاکستان اپنا مطلوبہ کردار ادا کرے،اوآئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں کشمیرکو شامل ہونا چاہیے کشمیری پاکستان کی تکمیل بقاء اور سلامتی کی جنگ لڑرہے ہیں وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر