{AF}
شفاف اور غیر جانبدار بلدیاتی انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن کوبا وسائل اور بلدیاتی اداروں کو مالی اور انتظامی طور پر خود مختار بنایا جائے،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
اسلام آباد(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ شفاف اور غیر جانبدار بلدیاتی انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن کوبا وسائل اور بلدیاتی اداروں کو مالی اور انتظامی طور پر خود مختار بنایا جائے،حکومت آل پارٹیز کانفرنس منعقد کر کے نظام کو وضع کرے،ان خیالات کااظہار انہوں نے تقاریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ شفاف انتخابات کا انعقاد وقت اور حالات کا تقاضا ہے جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں اپنے منشور،جھنڈے اور نشان کے ساتھ حصہ لے گی،جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان منصوبہ عمل کے مطابق تیاری شروع کریں،جرات مند،دیانتدار اور پرعزم قیادت ہی عوام کے مسائل حل کرسکتی ہے،انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی تعلیم،صحت اور خدمت کے میدان میں شاندار ریکارڈ کے ساتھ میدان میں اترے گی تحریک آزادی کشمیر اور ریاست کے تشخص اور وقار پر کوئی کمپرؤ مائز نہیں کریں گے،بلدیاتی انتخابات قیادت کی تیاری کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں حکومت عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے انتخابات کے لیے اقدامات کرے،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان نے جذبہ انسانیت سے سرشار ہو کر عوام کی بے لوث خدمت کی،زلزلہ،سیلاب،کورونا وباء اور ہر مشکل گھڑی میں صرف جماعت اسلامی اور اس کے ادارے عوام کی خدمت میں مصروف تھے عوام جماعت اسلامی کی اہل اور دیانتدار قیادت کو کامیاب کروائے تا کہ بلاتحصیص وتفریق عوام کی خدمت کا سفر جاری رہے۔