{AF}
مولانا یوسف اصلاحی کی وفات سے امت مسلمہ ایک عظیم راہنما سے محروم ہوگئی، ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
راولاکوٹ(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ مولانا یوسف اصلاحی کی وفات سے امت مسلمہ ایک عظیم راہنما سے محروم ہوگئی،مولانا یوسف اصلاحی نے برصغیر پاک و ہند کے علاوہ دنیا بھر میں پڑھے لکھے طبقے کی راہنمائی کے لیے تاریخی کردار ادا کیا،ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کیا،انہوں نے کہاکہ مولانا یوسف اصلاحی جماعت اسلامی ہند کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن اور عالم اسلام کے معروف عالم دین، اسلامی سکالرتھے مولانا یوسف اصلاحی ایک فکر مند داعی اسلام اور معتبر و مستند عالم دین تھے،علم و عمل کے جامع اور اعلی اخلاق و کردار کے حامل انسان تھے۔ لہجے کی شائستگی، زبان کی شگفتگی اور موضوع کا ہمہ جہتی احاطہ ان کی پہچان اور شناخت تھی، اسلوب تحریر بہت دلچسپ اور نرالا تھا، تحریر میں بہت ہی سلاست اور روانی تھی، بہت آسان اور سلجھے ہوئے انداز میں لکھتے تھے مرحوم کی ساری زندگی خیر و بھلائی کو عام کرنے میں گزری، کئی کتابوں کی تصنیف کے ذریعے دنیا بھر میں لاکھوں زندگیوں کو اسلام کی روشنی دکھائی، ان کی شہرہ آفاق کتب آداب زندگی،آسان فقہ،شعور حیات نے لاکھوں انسانوں کو زندگی گزارنے کا ڈھنگ سکھایا ان کی تصانیف رہتی دنیا تک مرحوم کے لیے صدقہ جاریہ اور انسانیت کے لیے ہدایت کا باعث رہیں گی۔مولانا یوسف اصلاحی کی وفات پر امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر خالد محمود خان،سابق امیر جماعت اسلامی سردار اعجاز افضل خان،مرکزی نائب امراء نورالباری،شیخ عقیل الرحمان،مشتاق ایڈووکیٹ،راجہ جہانگیر،راجہ فاضل تبسم،سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان،ڈپٹی سیکرٹری آفتاب عالم ایڈووکیٹ سمیت دیگر راہنماؤں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔