{AF}
امام حسین ؓ نے یزیدکے سامنے کلمہ حق بلند کر کے امت مسلمہ کے لیے جو مشعل روشن کی اس کی آج بھی ضرورت ہے، محمدتنویر انور خان{/AF}
اسلام آباد(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان نے کہا ہے کہ امام حسین ؓ نے یزیدکے سامنے کلمہ حق بلند کر کے امت مسلمہ کے لیے جو مشعل روشن کی اس کی آج بھی ضرورت ہے،ظلم کے نظام کو تسلیم کرنے کی بجائے اس کے سامنے ڈٹ جانا حسینی کردارہے جماعت اسلامی اسی مشن کی جدوجہد کررہی ہے،امت مسلمہ جب تک اصل کی طرف نہیں لوٹے گی اس وقت تک یزیدی نظام ہم پر مسلط رہے گا ،دنیا بھر میں اسلامی تحریکیں اسی مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہد کررہی ہیں،مقبوضہ کشمیر میں کشمیری حقیقی حسینیت کا کردار ادا کررہے ہیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ امام حسین ؓ کے مشن کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں میں انقلاب برپا کریں سیرت صحابہ اور سیرت صلحاء کا مطالعہ کریں اپنے گھروں میں اسلامی تعلیمات کو عام کریں انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اللہ کے دین کے قیام اور غلبے کی جدوجہد کررہی ہے جب تک اسلامی نظام کا حقیقی معنوں میں نفاذ نہیں ہوگا ا س وقت تک ہمارے مسائل حل نہیں ہوں گے انہوں نے کہاکہ آج معاشرہ جس بگاڑ کی طرف جارہا ہے کرپشن،بدعنوانی،ناانصافی اور میرٹ کی پامالی ہورہی ہے سودی معاشی نظام کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اسلامی معاشی نظام اور سودی نظام معیشت کے خاتمے سے ہی ملک بحرانوں سے نکلے گا انہوں نے کہاکہ پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیے مایوسی کا شکار ہیں ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کے لیے باعزت روزگار فراہمی کا اہتمام کرے۔