{AF}
امام حسین ؓ نے اپنی جان کی قربانی دے کر دین کو بچایا، محمدتنویر انور خان{/AF}
میرپور(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان نے کہا ہے کہ امام حسین ؓ نے اپنی جان کی قربانی دے کر دین کو بچایا،طاغوت اپنی پوری قوت کے ساتھ امت میں انتشار پیدا کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے،فلسطین اور کشمیر میں بہنے والا خون عالمی برادری کے سر ہے کشمیری اور فلسطینی طاغوتی قوتوں کے آگے سرنڈر کرنے کی بجائے حسینی کردار ادا کرتے ہوئے شہادتیں پیش کررہے ہیں،امت مسلمہ کے حکمرانوں پر کشمیر اور فلسطین کی آزادی فرض ہے،کشمیریوں اور فلسطینیوں کو مسلمان ہونے کی سزا دی جارہی ہے اقوام عالم کو کشمیریوں اور فلسطینیوں کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کرناہو گا،ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکز جماعت اسلامی میرپور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا،دریں اثناء تنویر انور خان نے ضلعی شوریٰ کے اجلاس میں شرکت کی اس موقع پر مرکزی نائب امیر راجہ جہانگیر خان نے خصوصی شرکت کی،اجلاس سے امیر جماعت اسلامی ضلع میرپور مولانا عتیق الرحمان،ڈاکٹر ریاض،طارق کیانی سمیت دیگر راہنماؤں نے گفتگو کی،جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تنویر انور خان نے کہاکہ امت مسلمہ آج زوال کا شکار ہے اس کی بڑی وجہ طاغوتی قوتوں کا پھیلایا ہوا انتشار ہے جب تک ہم اپنے اندر برداشت کی قوت پیدا نہیں کریں گے اور اجتماعیت کو ساتھ لے کر نہیں چلیں گے تب تک یہ مسائل جوں کے توں رہیں گے انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اقامت دین کی جدوجہد کررہی ہے جماعت اسلامی کے ذمہ داران اسلام کی دعوت ایک ایک فرد اور ایک ایک گھر تک پہنچائیں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو جماعت کے ساتھ جوڑیں اور اپنی تنظیم میں وسعت پیدا کریں۔