{AF}
قبلہ اول اور کشمیر پر اسرائیل اور ہندوستان کی جارحیت انسانی ضمیر کے لیے چیلنج ہے:عبدالرشید ترابی{/AF}
قبلہ اول اور کشمیر پر اسرائیل اور ہندوستان کی جارحیت انسانی ضمیر کے لیے چیلنج ہے:عبدالرشید ترابی
مظفرآباد(پ ر) کنونیئر کل جماعتی کشمیررابطہ کونسل صدر ملی یکجہتی کونسل و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے قانون ساز اسمبلی میں کشمیر اور فلسطین بارے قراردادیں پیش کیں جو منظور کر لی گئیں قرارداد میں لکھا گیا ہے کہ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا یہ اجلاس سینئر قائد حریت جناب محمد اشرف صحرائی کو ہندوستانی حکومت کی طرف سے علاج ومعالجہ کی بنیادی سہولتوں سے محروم رکھتے ہوئے حراستی قتل کی شدید مذمت کرتا ہے اور اس امر پر تشویش کااظہار کرتا ہے کہ نریندرمودی کی حکومت ایک طے شدہ حکمت عملی کے تحت کشمیری حریت قیادت کو موت کے منہ میں دھکیلنے کی کوشش کررہی ہے جس کے نتیجے میں بزرگ قائد حریت اور تحریک مزاحمت کی علامت سید علی گیلانی،محمد یاسین ملک،شبیر شاہ،آسیہ اندرابی،ڈاکٹر عبدالحمید فیاض اور میر واعظ عمر فاروق اور ہزاروں حریت پسند وں کی زندگیاں شدید خطرات سے دوچار ہیں،جناب اشرف صحرائی جیسے صف اول کے قائد ہندوستانی استعماری رویے کی روشنی میں اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ باقی اسیران کے ساتھ بھیانک سلوک روا رکھا جارہا ہو گا اجلاس محمد اشرف صحرائی کی تحریک آزادی کے لیے تاریخی خدمات اور ان کی بے مثال استقامت پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے زندگی کا ایک طویل عرصہ ہندوستانی جیلوں اور عقوبت خانوں میں گزارا گھر بار چھوڑا اور اپنے بیٹے جنید صحرائی کی شہادت پیش کی اور ہندوستانی استعمار کی ترغیب اور دھونس کے ہر ہتھکنڈے کا نہایت ہی استقامت کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کی بلندی درجات کے لیے دست بدعا ہے اور قافلہ حریت کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں یقین دلاتا ہے کہ شہداء کے مشن کی تکمیل کے لیے کوئی دقیقہ فردگزاشت نہ کیا جائے گا۔اجلاس اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں،او آئی سی اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ جناب اشرف صحرائی کے حراستی قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ہندوستانی حکومت کو باقی اسیران کی رہائی پر مجبور کرے جو ہندوستانی اور ریاستی جیلوں میں Covid-19کی لہر کی گرفت میں علاج معالجہ کی سہولتوں کے فقدان کا شکار ہیں اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارتی سفاکانہ اقدامات کا اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے اور ہندوستان کو بے نقاب کیا جائے۔اجلاس عین عید کے موقع پر شہید اشرف صحرائی کے خاندان سے تعزیت پرس کی مجلس کے دوران ان کے دو بیٹوں کی گرفتاری کی بھی شدید مذمت کرتا ہے اور ایک سفاکانہ کارروائی سمجھتا ہے اور عالمی برادری کو ان انسانیت کش ہندوستانی اقدامات پر متوجہ کرتا ہے کہ وہ ہندوستانی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین پامالی کا نوٹس لیتے ہوئے ان ہندوستانی ہتھکنڈوں کا تدارک کے اہتمام کرے۔اجلاس تحریک حریت کے اہم راہنما سید مظفر شاہ کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے لواحقین اور قائدین حریت سے اظہار تعزیت کرتا ہے اجلاس سید مظفر شاہ مرحوم کی تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے مخلصانہ خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے بلند درجات کے لیے دعا گو ہے اور اس عزم کااظہار کرتا ہے کہ ان کے مشن کی تکمیل کے لیے ریاست کا ہرفرد کاروان حریت کے شانہ بشانہ رہے۔
یہ اجلاس قبلہ اول مسجد اقصیٰ میں لیلتہ القدر کے موقع پر اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے نہتے عبادت گزاروں پر وحشیانہ تشدد،شیلنگ اور غزہ میں نہتے شہریوں پر سفاکانہ بمباری کی شدید مذمت کرتا ہے جس کے نتیجے میں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے چالیس ہزار سے زائد بے گھر کر دئیے گئے ہسپتال،مساجد،اسکولز اور میڈیا ہاؤسز کربربریت کا نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیل ایک طرف کھلی بربریت سے فلسطینیوں کو صفحہ ہستی سے مٹانا چاہتا ہے دوسری طرف نسلوں سے آباد فلسطینیوں کو اپنے گھروں اور جائیدادوں سے بے دخل کرتے ہوئے انتہا پسند جنونیوں کی آباد کاری کا اہتمام کررہا ہے جو بین الاقوامی قوانی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے قطعاً مغائر ہے اجلاس کے نزدیک یہ امر خوش آئندہ ہے کہ جنرل اسمبلی،سلامتی کونسل اور او آئی سی کی سطح پر اسرائیل کی بھرپور مذمت کی گئی عالمی سطح پر بالخصوص یورپ اور امریکہ میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔
حکومت پاکستان نے بھی عوامی جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے پارلیمنٹ اور حکومت کی سطح پر اہل فلسطین سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔وزیر خارجہ پاکستان کی سربراہی میں او آئی سی کے وزراء خارجہ کے وفد نے جنرل اسمبلی میں اجتماعی نمائندگی کرتے ہوئے خوشگوار روایت قائم کی اجلاس اقوام متحدہ،او آئی سی اور دیگر متعلقہ فورمز سے توقع رکھتا ہے کہ اس دیرینہ انسانی مسئلے کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں فلسطینیوں کے حق خودارادیت کو یقینی بنانے کا اہتمام کریں۔اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ مسجد اقصیٰ سمیت فلسطینی مقبوضہ جات پر اسرائیلی قبضے کے خاتمے کا اہتمام کیا جائے اور لاکھوں بے گھر فلسطینیوں کے حق آباد کاری کو بھی یقینی بنایا جائے۔
اجلاس اس موقع پر پاکستان،ترکی،تیونس اور سوڈان کی حکومتوں کے فلسطینیوں کے حق میں جرات مندانہ موقف کی تحسین کرتے ہوئے او آئی سی کے باقی ممبر ممالک بالخصوص عرب ممالک کی قیادت سے توقع رکھتا ہے کہ وہ اسرائیل کے موجودہ مظالم اور گریٹر اسرائیل قائم کرنے کے تدارک کے لیے اسرائیل سے سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کرتے ہوئے اہل فلسطین کی بھرپور تائید و حمایت کریں۔غزہ کی تعمیر نو میں ان کی امداد کریں اور فلسطین کے حوالے سے شاہ فیصل مرحوم کی مجاہدانہ پالیسی کا احیاء کریں۔
اجلاس غزہ میں اسرائیلی مظالم کے باوجود تحریک مزاحمت،فلسطین اور اس کی قیادت کی استقامت پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اہل غزہ اور فلسطین کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے اور انہیں یقین دلاتا ہے کہ قبلہ اول اور فلسطین کی آزادی صرف فلسطین کا مسئلہ ہی نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ اور انسانیت کا مسئلہ ہے اور اہل کشمیر اس برحق جدوجہد میں اہل فلسطین کے شانہ بشانہ ہیں اجلاس توقع رکھتا ہے کہ وزیر خارجہ پاکستان مسلم وزرائے خارجہ کے ایک بڑے وفد کے ساتھ فلسطین کے ساتھ کشمیر پر ہندوستانی مظالم اجاگر کرنے کے لیے جنرل اسمبلی اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر نمائندگی کرتے ہوئے کشمیریوں کی ترجمانی کرنے کا حق ادا کریں گے۔