{AF}
وزیر اعظم پاکستان کا ایک پارٹی کی مہم چلانا ان کے منصب کے خلاف ہے،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
اسلام آباد(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کا ایک پارٹی کی مہم چلانا ان کے منصب کے خلاف ہے،اسلام آباد میں بیٹھے حکمران آزادکشمیر کے انتخابات میں مداخلت سے باز رہیں،موجود حالات میں آزادی کا بیس کیمپ کسی مداخلت کا متحمل نہیں ہوسکتا،تحریک آزادی کشمیر نازک ترین مرحلے سے گزررہی ہے۔کوئی بھی بے تدبیری کشمیریوں کی پاکستان سے لازوال محبت کو ٹھیس پہنچا سکتی ہے،آزادکشمیر کے عوام کو اپنی مرضی سے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع فراہم کیا جائے،ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں کو تحریک آزادی کشمیر کی نازک صورت حال کا ادراک ہوناچاہیے،آزادکشمیر کے عوام کسی مداخلت کو قبول نہیں کریں گے انہوں نے کہاکہ عوام جعلی نعروں اور وعدوں پر یقین نہ کریں پاکستان میں مہنگائی کا سونامی لانے والوں کو آزادکشمیر کے عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے عوام جماعت اسلامی کی باکردار اور اعلیٰ تعلیم یافتہ قیادت کو منتخب کرے تا کہ تقسیم کشمیر کی سازش کو ہر سطح پر ناکام بنانے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل حل اور بیس کیمپ کے حقیقی کردار کو بحال کیا جاسکے۔ڈاکٹر خالد محمود خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے حکمرانوں کو آزادکشمیر کے انتخابات کو پاکستان کے انتخابات جیسا نہیں سمجھنا چاہیے آزادکشمیر کے انتخابات تحریک آزادی کشمیر کے نازک مرحلے کے تناظر میں بہت حساس اور اہمیت کے حامل ہیں کوئی بھی غیر ذمہ دارانہ بیان بازی اور حکمت عملی دشمن ملک ہندوستان کے عزائم کو تقویت پہنچاسکتی ہے آزادکشمیر کے انتخابات عالمی سطح پر بھی باریک بینی سے دیکھے جاتے ہیں اور اسلام آباد کے حکمرانوں کی غیر دانشمندانہ اقدامات پاکستان کے عالمی سطح پر کشمیر کے حوالے سے موقف کو بھی کمزور کرسکتے ہیں۔