{AF}
وسطی باغ کے عوام کے مینڈیٹ پر کسی کوشب خون نہیں مارنے دیں گے، عبدالرشید ترابی {/AF}
باغ(پ ر) جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ وسطی باغ عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ وسطی باغ کے عوام کے مینڈیٹ پر کسی کوشب خون نہیں مارنے دیں گے،نوجوان ہماری آبادی کا ساٹھ فیصد ہیں۔ کسی بھی معاشرے میں نوجوانوں کا اتنا بڑا تناسب اس کی ترقی و خوشحالی اور بہتر مستقل کی ضمانت ہوتا ہے لیکن بد قسمتی سے ہمارے ہاں اس انمول سرمائے کی بہتر تنظیم و تربیت اور اسے ریاستی ترقی و خوشحالی کا ذریعہ بنانے کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کو اعلیٰ جدید فنی و پیشہ وارانہ تعلیم، تربیت اور اخلاق و کردار کے زیور سے آراستہ کرتے ہوئے انہیں معاشرے میں قائدانہ مقام پر فائز کرے گی،ان خیالات کااظہار انہوں نے چیڑان میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ جماعت اسلامی سرکاری و نیم سرکاری ملازمتوں میں پسند و نا پسند کا خاتمہ اور میرٹ کی بنیاد پر ملازمتوں کی فراہمی کو پہلے بھی اور اب بھی یقینی بنائے گی میرٹ قائم کرنے سے 10ہزار نوجوانوں کو باعزت روزگار ملا جہاں کسی کی پرچی اور سفارش کے بغیر نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملا۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کے لیے باعزت خود روز گار (Self empolyment)کی فراہمی کو یقینی بناناریاست کی ذمہ داری ہے لیکن ریاست اپنی ذمہ داری ادا نہیں کرپارہی جس سے نوجوان مایوس ہورہے ہیں جماعت اسلامیفنی تربیت کے اداروں اور پیرا میڈیکل سنٹرز کے قیام کے ذریعے نوجوانوں کو ہنر مند بنائے گی تا کہ وہ اندرون ملک و بیرون ملک باعزت روز گار کا اہتمام کر سکیں۔نوجوانوں کے لیے کھیلوں اور دیگر صحت مند تفریحی سرگرمیوں کا فروغ اور آزاد کشمیر کوکھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں میں دیگر صوبوں کے ہم پلہ کریں گے انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کو اقتدار ملا تو ہزار وں نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم و تربیت کے ذریعے اس طرح تیار کریں گے کہ وہ اندرون و بیرون ملک اعلیٰ اداروں اور کمپنیوں میں کلیدی عہدوں پر فائز ہو سکیں اور ملک و ملت کا نام روشن کریں۔