{AF}
جماعت اسلامی تقسیم کشمیر اور آزادکشمیر کے موجود سٹریکچر میں تبدیلی کے خلاف دیوار بنے گی،عبدالرشید ترابی {/AF}
باغ،ریڑھ بن،کفل گڑھ(پ ر) جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر و امیدوار اسمبلی حلقہ وسطی باغ عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی تقسیم کشمیر اور آزادکشمیر کے موجود سٹریکچر میں تبدیلی کے خلاف دیوار بنے گی،عوام کوآنے والے طوفان اور خطرات سے آگاہ کررہے ہیں فیصلے کا اختیار عوام کے پاس ہے کہ وہ اپنے قومی تشخص اور وقار کو بحال رکھنا چاہتے ہیں یا خود اس کو ختم کرنا چاہتے ہیں،آزادکشمیر کے ریاستی سٹیٹس کو تبدیل کیا گیا تو ڈیڑھ لاکھ سرکاری ملازمین بے روزگار ہو جائیں گے،عالمی اسٹبلشمنٹ پاکستان پر دباؤ بڑھارہی ہے کہ وہ سیز فائر لائن کو مستقبل سرحد بنائے 5لاکھ شہداء کے وارث اسے کسی صورت قبول نہیں کریں گے،شہداء کا مقدس لہو ہم پر قرض ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے انتخابی مہم کے دوران ریڑھ بن،کفل گڑھ اور ہاڑی گہل میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ سیاست میں سرمائے اور بدمعاشی کے کلچر کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے یہ آزادی کا بیس کیمپ اور حساس خطہ ہے اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو کل نریندرمودی 4,4ارب روپے فی ایجنٹ کو فراہم کر کے انتخابات جتوائے گا اور آزادکشمیر اسمبلی سے مہر لگو کر تحریک آزادی کو ختم کرے گا اسلام آباد کے حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لیناچاہیں اس کلچر کے خلاف ہم جہاد کررہے ہیں عوام جعلی نعروں اور جھوٹے وعدوں پر یقین نہ کریں باغ کو سبز باغ دکھانے والے مسافر کل نظر نہیں آئیں گے،انہوں نے کہاکہ باغ سے پہلے بھی بدمعاشی کا کلچر ختم کیا اور اسے کسی بھی صورت دوبارہ پنپنے نہیں دیں گے نوجوانوں کو باعز ت روزگار کی فراہمی کا اہتمام کریں گے انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے فلور اور عوامی سطح پر جو کردار ہم نے ادا کیا وہ کسی اور نہیں ادا نہیں کیا عوام ہمارا ساتھ دیں تا کہ تقسیم کشمیر کی سازشوں کو ہمیشہ کے لیے دفن کیا جائے۔