{AF}
کٹھ پتلی اسمبلی کے ذریعے ریاست کے حصے بخرے کرنے کی کسی کو اجاز ت نہیں دیں گے،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
راولاکوٹ(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی اسمبلی کے ذریعے ریاست کے حصے بخرے کرنے کی کسی کو اجاز ت نہیں دیں گے،دولت اور سرمائے کی بنیاد پر ایسے افراد کو اسمبلی میں بھیجنے کی تیاریاں ہیں جو مسئلہ کشمیر نزاکت اور پس منظر سے بے خبر ہیں،اسلام آباد میں بیٹھے حکمران مداخلت سے باز رہیں،آزادکشمیر کو گلگت بلتستان کی طرح فتح کرنے کے خواب دیکھنے والوں کو خبردار کرتے ہیں کہ کشمیریوں کے دلوں میں پاکستان سے بے پناہ محبت کو کمزور نہ کیا جائے ورنہ حالات خراب ہوں گے جس سے دشمن فائدہ اٹھا سکتا ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے انتخابی مہم کے دوران کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ ایک منظم منصوبہ بند ی کے تحت آزادکشمیر میں حالات خراب کرنے کی سازش کی جارہی ہے تقسیم کشمیر کے ایجنڈے پر کام جاری ہے ہم اداروں کو خبردار کرتے ہیں کہ اگر کوئی ایسا اقدام اٹھایا گیا تو اس سے حالات خراب ہوں گے بیس کیمپ کے مجاہد صفت عوام نے یہ خطہ جہاد کے ذریعے آزاد کروایا اور 19جولائی 1947ء کو اپنی منزل پاکستان کو قراردیا اسلام آباد کے حکمران تاریخی حقائق سے بے خبر ہیں کشمیریوں کی مرضی کے مغائر کوئی فیصلہ کسی صورت قبول نہیں کریں گے انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے تحریک آزادی کشمیر کی حقیقی پشتیبانی کا حق ادا کیا،تعلیم،صحت اور خدمت کا شاندار ریکارڈ بنایا ہے ہم نے متبادل قیادت عوام کے سامنے پیش کردی ہے عوام اپنے دکھوں کا مداوا کرنے اور مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کے نامزد امیدواران کو ووٹ دیں تا کہ تحریک آزادی کشمیر اور بیس کیمپ کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔