{AF}
گگڈار ضلع حویلی میں ہونے والا واقعہ انسانیت کی تذلیل ہے قابل مذمت،حکومت فی الفور واقعے کی شفاف تحقیقات کروا کر مجرموں کو کٹہرے میں کھڑا کرے،محمود الحسن چودھری{/AF}
کوٹلی(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے سابق سیکرٹری جنرل محمود الحسن چودھری نے کہا ہے کہ گگڈار ضلع حویلی میں ہونے والا واقعہ انسانیت کی تذلیل ہے قابل مذمت،حکومت فی الفور واقعے کی شفاف تحقیقات کروا کر مجرموں کو کٹہرے میں کھڑا کرے،آئی جی پولیس اس دلخراش واقعے پر فوری کارروائی کریں انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے حویلی سمیت آزادکشمیر بھر میں اس واقعے سے عوام میں بے چینی اور اضطراب پیدا ہوچکا اگر حکومت نے سخت نوٹس نہ لیا تو عوام قانون کو ہاتھ میں لیں گے جس سے خطے میں حالات خراب ہوں گے،ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،محمود الحسن چودھری نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر اس واقعے پر غفلت برتنے کی بجائے مطلوبہ کردار ادا کرے،آزادکشمیر حساس خطہ ہے خطے کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے فی الفور اس مسئلے کا تدارک کیا جائے ورنہ انارکی سے پورا خطہ متاثر ہو گا جو کسی کے مفاد میں نہیں،ماں بیٹی کا سفاکانہ قتل دہشت گردی ہے جو بھی اس میں ملوث ہے اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، انہوں نے کہاکہ چادر اور چار دیواری کو پامال کر کے یہ واردات حکومت وقت کے لیے سوالیہ نشان ہے،انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر مرتکبان واردات کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سے ٹریس کرتے ہوئے قرارواقعی سزا دی جائے تا کہ اس طرح کے سفاکانہ واقعات رونما نہ ہوں۔