{AF}
اسلام آباد میں بیٹھے حکمران آزادی کے بیس کیمپ میں انتخابات میں سیاسی مداخلت سے اجتناب کریں،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
اسلام آباد(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بیٹھے حکمران آزادی کے بیس کیمپ میں انتخابات میں سیاسی مداخلت سے اجتناب کریں،انتخابات بروقت کروائے جائیں ضمیروں کی منڈیاں لگانے سے پاکستان کا وقار مجروح ہوگا،جماعت اسلامی تقسیم کشمیر کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی ربڑ سٹمپ اسمبلی قبول نہیں کریں گے جماعت اسلامی کے کارکن بھرپور انداز سے انتخابی مہم چلائیں روایتی پارٹیاں اور قیادت عوامی مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی ہیں جماعت اسلامی کشمیرکی آزادی اور بیس کیمپ کی خوشحالی کا ایجنڈا لے کر میدان میں موجود ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ 73سالوں سے باریاں لگانے والے عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف رہے آزاد خطہ مسائلستان بنا ہوا ہے ریاست کا بجٹ درست انداز سے لگ جاتا تو آج یہ خطہ ترقی میں یورپ کے ہم پلہ ہوتا یہ انتخابات اہمیت کے حامل ہیں مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ دو سال سے مکمل لاک ڈاؤن اور مظالم کی انتہا ہے لیکن اسلام آباد سے کشمیرکی آزادی کا کونٹر روڈ میپ آنے کی بجائے تقسیم کی باتیں کی جارہی ہیں جس سے تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے ان حالات میں عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کریں تا کہ تقسیم کشمیر کی سازش کو ناکام بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کے مسائل کے حل کا اہتمام بھی کیا جائے ہمارے پڑھے لکھے نوجوان بے روزگار اور مشکلات کا شکار ہیں ہسپتال ادویات اور ڈاکٹروں سے خالی ہیں نظام تعلیم زبو حالی کا شکار ہے سودی معاشی نظام نے معیشت کو جکڑ رکھا ہے جماعت اسلامی اس ظالمانہ نظام کو ختم کر کے اسلام کے عادلانہ اور منصفانہ نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔