{AF}
مقبوضہ کشمیرمیں تاریخ کا بدترین انسانی المیہ رونماہوسکتا ہے،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
اسلام آباد(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک حریت اشرف صحرائی کی جیل میں علاج کی عدم سہولت کے باعث شہادت ہندوستان کا کشمیریوں کو قیادت سے محروم کرنے کے سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے ،مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں قید حریت قیادت اور ہزاروں حریت پسندوں کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں عالمی برادری اس کانوٹس لے ،عالمی برادری نے ہندوستان کو مظالم سے نہ روکا تو مقبوضہ کشمیرمیں تاریخ کا بدترین انسانی المیہ رونماہوسکتا ہے ،انسانی حقوق کے عالمی ادارے اور انسانی آزادیوں پر یقین رکھنے والے ہندوستانی مظالم پر چیخ رہے ہیں لیکن اقوام متحدہ ،یورپی یونین اور دنیا کے حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ،اقوام متحدہ نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو اس کا حشر لیگ آف نیشن سے بھی برا ہوگا ،ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ اشرف صحرائی کی جیل میں مظلومانہ شہادت پوری انسانیت کے لیے لمحہ فکریہ ہے انہوں نے اپنی ساری زندگی دین کے غلبے اور کشمیرکی آزادی کے لیے وقف کیے رکھی وہ تا دم واپسیں جدوجہد کرتے رہے اہل کشمیر ان کی ان خدمات کو تادیر یادرکھیں گے ان کی شہادت کشمیرکی آزادی کا عنوان بنے گی انہوں نے کہاکہ ہندوستان نے مظالم کی انتہا کردی ہے اگر اس نے کشمیریوں کو ان کا پیدائشی اور بنیادی حق نہ دیا تو کشمیر آزاد ہو گا اور ہندوستان کا موجودہ جغرافیہ برقرار نہیں رہ سکے گا ہندوستان کے اندر مودی کے ظالمانہ اقدامات کے باعث درجنوں آزادی کی تحریکیں چل رہی ہیں اور ہندو توا سوچ نے ان تحریکوں کو اور جلا بخش دی ہے ہندوستان کے جرائم کی فہرست اتنی طویل ہوچکی ہے کہ اب اس کا برقرار رہنا ممکن نہیں ہے آج نہیں تو کل ہندوستان انجام سے دوچار ہو گا انہوں نے کہاکہ ہندوستان کشمیریوں کو مسلمان ہونے کی سزا دے رہا ہے 57اسلامی ممالک ہندوستان کے ساتھ سفارتی ،سیاسی اور معاشی بائیکاٹ کا اعلان کریں کشمیریوں نے آزادی کے لیے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے ۔