ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی تمام لیڈر شہید کرنا چاہتا ہے,ڈاکٹر خالد محمود خان

{AF}dr. khalidہندوستان مقبوضہ کشمیر کی تمام لیڈر شہید کرنا چاہتا ہے,ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}

اسلام آباد(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور وزارت خارجہ خواب غفلت سے بیدار ہو،ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی تمام لیڈر شہید کرنا چاہتا ہے اقوام متحدہ،او آئی سی،یورپی یونین اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی سے مقبوضہ کشمیر میں بڑا انسانی المیہ رونما ہوسکتا ہے، بطل حریت اشرف صحرائی کی ساری زندگی،اقامت دین،غلبہ دین اورتحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد میں گزری،ان کی مظلومانہ شہادت عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہے،بین الاقوامی برادری،او آئی سی اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی ریاستی دہشت گردی کو رکوائے،اقوام متحدہ کشمیریوں سے کیے گئے وعدے پورے کرے،کشمیریوں نے شہادتوں کی طویل داستان رقم کی وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے،ان خیالات کااظہار انہوں نے تحریک حریت کے چیئرمین اشرف صحرائی کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی،نائب امیر نورالباری،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزادکشمیر محمد تنویر انور خان سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،دریں اثناء مرکز جماعت اسلامی آزادکشمیر کھنہ میں اشرف صحرائی کا غائبانہ نماز جنازہ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیرکے ڈائریکٹر امور خارجہ غلام نبی نوشہری نے پڑھایا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ آزادکشمیر،گلگت بلتستان اور پاکستان کے کروڑوں عوام مقبوضہ کشمیر کی عوام کی پشت پر ہیں ہمارے دل ان کے ساتھ دھڑکتے ہیں نریندرمودی کے 5اگست کے اقدامات کے بعد عالمی برادری کا دہرا معیار کھل کر سامنے آگیا ہے انہوں نے کہاکہ اللہ کی نصرت سے کشمیر آزاد ہو گا اور ہندوستان کا موجودہ جغرافیہ تبدیل ہو جائے گا،انہوں نے کہاکہ شہید عزیمت و استقامت محمد اشرف صحرائی نے اپنی پوری زندگی اسلام،آزادی اور اتحاد امت کے لیے وقف کررکھی تھی روز اول سے جس مشن کے ساتھ وابستہ رہے آخری دم تک اس عہد کو نبھایا اور پلٹ کر نہیں دیکھا،جماعت اسلامی کے رہنما کی حیثیت سے اندرا عبداللہ ریکارڈ کے بعد جب شیخ محمد عبداللہ کے خلاف الیکشن میں حصہ لیا اور گرفتار کیے گئے تو کچھ عرصہ بعد جج نے ان سے اپنی صفائی میں کچھ کہنے کو کہا تو اشرف صحرائی مرحوم نے فرمایا کہ فیصلہ آپ کے سامنے لکھا ہوا ہے میری صفائی سے یہ کتنا صاف ہو گا آپ فیصلہ سنائیں،جماعت اسلامی اور تحریک حریت کے قائد کی حیثیت سے انہوں نے ایک قابل تقلید نمونہ ہمارے سامنے رکھاان کے حراستی قتل سے ایک خلا پیدا ہوا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق امیر جماعت اسلامی و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہاکہ حکومت پاکستان کشمیر پر واضح اور دوٹوک موقف اپناتے ہوئے پالیسی وضع کرے،پاکستان کی سالمیت اور بقاء کی جنگ کشمیری سرینگر میں لڑرہے ہیں، حکومت پاکستان بین الاقوامی سطح پر اقوام متحدہ،او آئی سی اور انسانی حقوق کے اداروں کو مقبوضہ کشمیر کے مظالم کی جانب توجہ مبذول کروائے، اشرف صحرائی نے اقامت دین کی جدوجہدمیں اپنی ساری زندگی بسر کی اور آخری دم شہادت کا رتبہ حاصل کیا،زندگی کا زیادہ عرصہ جیلوں میں گزارا،سید علی گیلانی کے دست راست کی حیثیت سے ذمہ دارایاں ادا کیں،اشرف صحرائی نڈر،جرات مند اور استقامت کا پہاڑ تھے ہندوستان صف اول کی کشمیری قیادت اور فعال کارکنان کو شہید کر کے کشمیریوں کو قیادت سے محروم کرنا چاہتا ہے انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے امیر سمیت ہزاروں کارکنان جیلوں میں بند اور ان کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں ہندوستان کالے قوانین کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کررہا ہے۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر