{AF}
جماعت اسلامی پاکستا ن نے تحریک آزادی کشمیرکی حقیقی پشتیبانی کا کماحقہ کردار ادا کیا،محمد تنویر انورخان{/AF}
اسلام آباد( پ ر)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرکے سیکرٹری جنرل محمد تنویر انورخان نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستا ن نے تحریک آزادی کشمیرکی حقیقی پشتیبانی کا کماحقہ کردار ادا کیااور کررہی ہے،اہل کشمیر جماعت اسلامی پاکستان کے شکرگزار ہیں،اسلامی جمعیت طلبہ پوری امت کا اثاثہ اور نوجوانوں کے سیرت وکردارکی تعمیر کا واحد ادارہ ہے،مغربی تہذیبی یلغار سے نوجوانوں کو بچانے کے لیے جمعیت کو مزید فعال کردارادا کرنا ہوگا،جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی اور کشمیرکی آزادی کے ایجنڈے کے ساتھ میدان میں موجود ہے،اﷲ کے دیے ہوئے نظام کے قیام اور نافذ کے بغیر ہمارے مسائل حل نہیں ہوں گے،ان خیالات کااظہارانھوں نے جماعت اسلامی پاکستان ضلع فیصل آباد غربی کے امیر سید مدثر حسین چستی کی سربراہی میں وفد اور دریں اثناء اسلامی جمعیت طلبہ آزاد کشمیرگلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل مہران معروف کی سربراہی میں ملنے والے وفودسے گفتگوکرتے ہوئے کیا،محمد تنویر انور خان نے کہاکہ اس خطے میں اسلامی تحریک کو جو چیلنجز درپیش ہیں ان میں سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ اﷲ کے نظام کو قائم اور نافذ کیا جائے جس کے لیے ہمارے اسلاف نے قربانیاں پیش کیں اور آزادی حاصل کی اور دوسرا بڑا چیلنج بقیہ کشمیرکی آزادی ہے،ہمارے بھائی مقبوضہ کشمیرکے اندر جہاد میں مصروف ہیں ،تحریک آزادی کشمیردراصل تحریک پاکستان ہی کا تسلسل ہے،کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں،پانچ اگست کے بعد مودی نے کشمیرکو ٹکڑوں میں تقسیم کرکے مظالم کی انتہاکررہاہے اسلام آباد سے مودی کے ظالمانہ اقداما ت کے خلاف جوابی اقدامات ہونے چاہیے تھے جو ابھی تک نہیں کی گئے،جس کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے اندر مایوسی ہے،انھوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کشمیرکی آزادی اور نظام کی تبدیلی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی،انھوں نے کہاکہ ہمارے نوجوان مغرب کا بڑا ہدف ہیں،مغرب ہمارے نوجوانوں اور خواتین کو ہدف بنا کر گمراہ کررہاہے اس کے تدراک کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ نوجوانوں کو اسلام کی طرف لائے ۔