{AF}
کورونا وائرس کی دوسری لہرسے نجات کے لیے آج پوری قوم جمعتہ المبارک کو’’یوم استغفار‘‘ کے طور پر منائے ،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
راولاکوٹ(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہرسے بڑے پیمانے پر لوگ آزمائش سے دوچار ہو رہے ہیں اس سے نجات کے لیے آج پوری قوم جمعتہ المبارک کو’’یوم استغفار‘‘ کے طور پر منائے ،رجوع الی اﷲ اور تو بہ استغفارکرے ،انفرادی اور اجتماعی طور پر صدقے اور خیرات کا اہتمام کرے ،کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات پر عمل کرے ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے بیان میں کیا انہوں نے کہاکہ اﷲ کی ناراضگی کے باعث پوری قوم آزمائش سے دوچار ہے ،کورونا وائرس ہو یا دیگر مصائب سب اﷲ کی ناراضگی کے باعث ہیں اﷲ کو راضی کرنے سے ہی ان مصائب اور آلام سے نجات مل سکتی ہے ،پوری قوم رجوع الی اﷲ کرے تا کہ اﷲ ہم سے راضی ہو اور ان مصائب اور آزمائشوں سے نجات ملے ،خطے کے جو حالات ہیں ان کا تقاضا بھی یہی ہے کہ پوری قوم اﷲ کی طرف متوجہ ہو ،انہوں نے کہاکہ ہم نے انفرادی اور اجتماعی طور پر اﷲ کو ناراض کررکھا ہے جس کی وجہ سے پوری قوم آزمائش کی لپیٹ میں ہے اجتماعی توبہ کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ ایک طرف مقبوضہ کشمیر کے اندر ہمارے بھائی گزشتہ 16ماہ سے قید ہیں دوسری طرف آزاد خطوں کے اندر بھی مصائب اور آلام کی وجہ سے قوم پریشان ہے حالات کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے رب کو راضی کریں صدقے اور خیرات کا اہتمام کریں اﷲ اور اﷲ کے رسول ؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں یہی نجات کا واحد راستہ ہے اس موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکمران پارلیمنٹ کے سامنے توبہ کریں اور عوام انفرادی اور اجتماعی سطح پر تو بہ کا اہتمام کریں ۔