{AF}
حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کرے ،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
راولاکوٹ(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کرے ،سیاحتی مقامات تک رسائی کے لیے شاہرات کو کشادہ گیسٹ ہاؤسز کو جدید خطوط پر استوار کرے تا کہ دو ر دراز سے آنے والے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ،یہ شعبہ ہماری ریاست کو ریونیو فراہم کرنے کا بڑا ذریعہ ہے اس لیے اس کوترجیح بنیادوں پر رکھا جائے ، سیاحت کوفروغ دے کر ریاست کو خودکفالت کی طرف گامزن کیا جاسکتا ہے ،سیاحت کے فروغ کے لیے حکومت نے جن شاہرات کے لیے بجٹ مختص کیا تھا اس پر کٹ نہ لگائے ،ان شاہرات کی وجہ سے سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی ،حکومت سیاحت پر توجہ دے تا کہ اس شعبے کو اور مضبو ط کیا جاسکے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ یہ خبریں آرہی ہیں کہ حکومت سیاحت کے لیے منظور کردہ شاہرات کے بجٹ میں کٹ لگانا چاہتی ہے جو کہ مناسب نہیں ہے حکومت ریاست کو خود کفیل بنانے کے جتنے بھی ذرائع ہیں ان کو برؤے کار لائے تا کہ ریاست کے اندر سے بے روزگاری کا خاتمہ ہو نوجوانوں کے روزگار کے لیے مواقع فراہم کیے جائیں آزادکشمیر میں جنگلات ، معدنیا ت ،پانی اور انسانی وسائل موجود ہیں جن کو برؤ ے کار لا کر ریاست کو خود کفیل بنایا جاسکتا ہے ۔