{AF}
مقبوضہ کشمیر میں انتخابات نہیں استصواب کروایا جائے ،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
راولاکوٹ(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انتخابات نہیں استصواب کروایا جائے ،ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات کا ڈرامہ رچا کر اقوام متحدہ کے چارٹر اور قراردادوں کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے ،کشمیریوں نے نام نہاد بلدیاتی انتخابات سمیت ہر طرح کے انتخابات کو مسترد کر کے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ آزادی چاہتے ہیں ،کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت فراہم کیا جائے ،کشمیری آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے عالمی برادری اور او آئی سی مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات کے نام پر ڈرامے کا نوٹس لے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ آزاد خطوں کے عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کی استقامت پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کشمیریوں نے آزادی کے لیے 5لاکھ شہداء پیش کیے ہیں وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے نریندرمودی نے تمام تر استعماری ہتھکنڈے استعمال کر کے دیکھ لیے ہیں کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد کرنے میں ناکام رہے ہیں 17ماہ سے یرغمال کشمیریوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ ہندوستان کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے عالمی برادری کشمیریوں کے احساسات اور جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کو اپنا پیدائشی اور بنیادی حق فراہم کروائے تا کہ کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں نریندرمودی مظالم کے ذریعے کشمیریوں کو دبانا اور غلام رکھنا چاہتا ہے لیکن کشمیری اس کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالیں گے انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے سردمہری کا رویہ جاری رکھا تو جنوبی ایشیا بڑی جنگ کی لپیٹ میں آجائے گا جس سے پوری دنیا کا امن تباہ ہو جائے گا ۔