{AF}
مضبوط مستحکم اور اسلامی پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے،عبدالرشید ترابی{/AF}
لاہور(پ ر) ملی یکجہتی کونسل کے صدر و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ مضبوط مستحکم اور اسلامی پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے،علماء کرام اور سیاسی زعماء کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ پاکستان کو اندرونی خلفشار سے بچاکر تحریک آزادی کشمیر کا پشتیبان بنائیں،حکومت پاکستان کی کشمیر پالیسی ابہام کا شکار ہے جس سے مقبوضہ کشمیر کے اندر مایوسی کا پیغام جارہا ہے وزیر اعظم پاکستان کے جنرل اسمبلی کے خطاب کا کوئی فالو اپ نہ ہوسکا،ملی یکجہتی کو نسل ایک قومی وفد تشکیل دے جو صدر،وزیر اعظم اور سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کر کے کشمیر پر مستقل لائحہ عمل طے کرے،بھارت استعماری ایجنڈے پر عمل پیرا ہے،20لاکھ سے زائد غیر ریاستی انتہا پسند ہندوؤں کو بسا چکا ہے،ایک سال میں یہ تعداد 50لاکھ تک لے جانے کا منصوبہ بنایا ہوا ہے،آبادی کے تناسب کو تبدیل کر کے کشمیر کے اسلامی تشخص کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کی خطرناک اور گھناؤنی سازش پر عمل پیرا ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے ملی یکجہتی کونسل کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر دیگر قومی قائدین نے بھی خطاب کیا،اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر قائدین حریت کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں جیلوں میں بند قائد سے لے کر عام کارکن علاج معالجے کی کوئی سہولت میسر نہیں اور نہ ہی کسی عزیز کو ملنے کی اجازت ہے جماعت اسلامی کے امیر اور سیکرٹری جنرل سمیت ہزاروں کارکنوں کو گرفتار کر کے ہندوستان کی دور دراز جیلوں میں پابند سلاسل کیا ہوا ہے اور ان پر بدترین تشدد کیا جارہا ہے 5اگست 2019ء سے اب تک ہزاروں کشمیریوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور سینکڑوں شہید ہو چکے ہیں قابض بھارتی فوج بدترین مظالم ڈھا رہی ہے گزشتہ 17ماہ سے سوا کروڑ کشمیریوں کو قید کر کے بدترین ظلم کیا جارہا ہے کشمیری آزادی کے مورچے پر ڈٹے ہوئے ہیں شہداء کو پاکستان کے پرچم میں سپردخاک کیا جارہا ہے ان حالات میں کشمیری بجا طور پر پاکستان سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ آگے بڑھ کر کردار ادا کرے گا اور ان کو ہندوستان کے قبضے سے آزاد کروائے گا انہوں نے کہاکہ پاکستان کی پوری قوم جذبہ جہاد سے سرشار ہو کر اپنے بھائیوں کی مدد کرے پاکستان کے عوام حکومت پر دباؤ بڑھائیں کہ وہ مطلوبہ اور فیصلہ کن کردار ادا کرے انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان ایک جامع اور جارحہ خارجہ حکمت عملی تشکیل دے۔