{AF}
نیلم سمیت سیز فائر لائن پر بلا اشتعال فائرنگ سے نہتے عوام کو شہید کیا جارہا ہے،شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے،ڈاکٹر خالد محمود خان {/AF}
اسلام آباد(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ ہندوستان نے جنگ مسلط کررکھی ہے نیلم سمیت سیز فائر لائن پر بلا اشتعال فائرنگ سے نہتے عوام کو شہید کیا جارہا ہے،شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے،ہندوستان کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے مقبوضہ کشمیر کے اندر گزشتہ 16ماہ سے سوا کروڑ کشمیریوں کو قید کر کے مظالم کی انتہا کی جارہی ہے عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی ہندوستان دھجیاں اڑا رہا ہے عالمی برادری اس کا نوٹس لے سلامتی کونسل میں ہندوستان کے خلاف قرارداد پاس کر کے فوجی مداخلت کی جائے،کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں اور چارٹر کے مطابق اپنے حق کے حصول کی جدوجہد کررہے ہیں کشمیریوں کو مزاحمت کا یہ حق اقوام متحدہ نے فراہم کررکھا ہے عالمی برادری ہندوستان کی جارحیت کا نوٹس لے،اسلام آباد کی حکومت کشمیر کی آزادی کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرے،آزاد خطے کے لوگ اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جہاد کے لیے تیار ہیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ ہندوستان بدترین جارحیت کا مرتکب ہو رہا ہے مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے عالمی انسانی حقوق کے ادارے بھی چیخ رہے ہیں ہندوستان کے خلاف فوری مداخلت کی جائے تا کہ لاکھوں کشمیریوں کی جانوں کو بچایا جاسکے،انہوں نے کہاکہ نریندرمودی تیسری عالمگیر جنگ کو ہوا دے رہا ہے عالمی برادری نے بروقت اس کے تدار ک کے لیے اقدامات نہ کیے تو اس عالمی جنگ سے کروڑوں انسان متاثر ہو ں گے عالمی برادری اس حساسیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے کشمیریوں کو اپنے عہد کے مطابق حق دلائے جنوبی ایشیا میں امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے اس موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت پاکستان او آئی سی کا اسلام آباد میں سربراہی اجلاس بلا کر کشمیرکی آزادی کا روڈ میپ دے نریندرمودی کشمیریوں کو مسلمان ہونے کی سزا دے رہا ہے تمام اسلامی ممالک ہندوستان کا سیاسی،معاشی اور سفارتی بائیکاٹ کریں انہوں نے کہاکہ کشمیری حالت جنگ میں ہیں وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے پوری قوم آزادی کے مورچے میں ڈٹی ہوئی ہے کشمیریوں کو آزادی کی منزل سے ہمکنار کرنے کے لیے بیس کیمپ اور اسلام آبادکا فیصلہ کن کردارہے انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اور اس کے ادارے سیز فائرلائن پر متاثرین کی فوری امداد کریں حکومت شہداء کے لواحقین کو فوجیوں کے برابر معاوضے دیں اور املاک کے نقصان کا حقیقی تخمینہ لگا کر ان کا ازالہ کرے انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی ہم ان کے شانہ بشانہ ہیں۔