{AF}
وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں بڑے پیمانے پر مداخلت کر کے شفافیت کو مشکوک بنا دیا ،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
راولاکوٹ(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں بڑے پیمانے پر مداخلت کر کے شفافیت کو مشکوک بنا دیا ،شیڈول کا اعلان ہونے سے لے کر نتائج آنے تک وفاقی وزراء اعلانات اور وسائل فراہم کرتے رہے ،وسائل کی فراوانی انتخابات پر اثر انداز ہوئی جس سے عوام کا جمہوری عمل سے اعتماد اٹھ گیا ،گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کے لیے یہ سارے پاپڑ بیلے گئے ،گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے سے تحریک آزادی کشمیر پر منفی اثرات مرتب ہوں گے پاکستان کا اصولی موقف کمپرومائز ہو گا ،جماعت اسلامی کے امیدواران نے ان سارے وسائل اور اعلانات کے باوجود پوری استقامت کے ساتھ ا نتخابات میں حصہ لیا ان سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،جماعت اسلامی کشمیرکی آزادی اور آزاد خطوں کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گی ،ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کا انتخابی عمل کسی کے لیے بھی قابل قبول نہیں ہے دن میں کچھ نتائج اور رات میں کچھ نتائج دئیے جاتے رہے پوسٹل بیلٹ کے حوالے سے بھی عوام کے اندر بے پناہ شکایات پائی جاتی ہیں بیلٹ پیپز کتنے جاری اور کس کو جاری ہوئے اس حوالے سے حقائق کا سامنے نہ آنا انتخابات کو مزید مشکوک بنا رہا ہے انہوں نے کہاکہ عوام کو یہ موقع دینا چاہیے تھا کہ وہ اپنی مرضی سے اپنے نمائندے منتخب کرتے تا کہ جمہوری عمل پر لوگوں کا اعتماد بحال ہو اور یہ عمل آگے چلے ،جمہوریت پر یقین رکھنے والوں کا اعتماد کھو گیا ہے انہوں نے کہا کہ کشمیری تقسیم کشمیر کے کسی فارمولے کو قبول نہیں کریں گے نہ ہی وحدت کشمیر پر کوئی کمپرومائز کریں گے جماعت اسلامی تقسیم کشمیر کی ہر سازش کو ناکام بنائے گی جماعت اسلامی کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے گراں قدر خدمات ہیں اور آزاد خطوں کے اندر عوام کو ریلیف اور مسائل حل کرنے کے حوالے سے بھی بے پناہ جدوجہد کی جماعت اسلامی کشمیرکی آزادی اور بیس کیمپ کی خوشحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔