{AF}
اسلامی ممالک کے حکمران طیب اردگان اور مہاتیر محمد کی تقلید کرتے ہوئے کشمیر اور فلسطین کی موثر آواز بنیں ،عبدالرشید ترابی {/AF}
اسلام آباد( پ ر) چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کے حکمران طیب اردگان اور مہاتیر محمد کی تقلید کرتے ہوئے کشمیر اور فلسطین کی موثر آواز بنیں ،پوری کشمیری قوم طیب اردگان کی تحسین کرتی ہے او آئی سی کے کشمیر رابطہ گروپ نے موثر آواز اٹھائی مزید اقدامات کی ضرورت ہے ،پرچی پر نوکریاں تقسیم کرنے کے کلچر کے خلاف جہاد کیا اور میرٹ قائم کیا جس کے نتیجے میں ہزاروں غریب لوگوں کے بچوں کو سرکاری ملازمتیں ملیں ،ہمارا ہدف ہے کہ بیس کیمپ کے کردار کو بحال کیا جائے اور یہاں اسلامی فلاحی معاشرہ قائم کیا جائے ،13ویں آئینی ترمیم میں اہم کردار ادا کیا ختم نبوت ؐ،اسلامی شریعت اپیلٹ بینچز،سکولز میں قرآن کی تعلیم کو لازمی قرار دلوانے میں کردارادا کیا ریاست کو با وسائل بنایا جس کے نتیجے میں تعمیر وترقی کی رفتار تیز ہوئی ،ان خیالات کااظہار انہوں نے راولپنڈی ،اسلام آباد حلقہ وسطی باغ کی کور کمیٹی کے جائزہ اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پرسیکرٹری جنرل جماعت اسلامی راجہ فاضل تبسم،مولانا عبدالسمیع، راجہ فدا حسین،اشرف طاہر،میجر ظہور،عطاء الرحمان چوہان،راجہ شفیق،عرفان بشیر،راجہ خلیل،صفدر گردیزی،راجہ سعید،مولانا معید ،راجہ ذاکر خان،تسلیم عارف،اشرف بلال،سردار سہیل حسن،سردار اصغر ،رفیق دانش،ذوہیب ادریس سمیت دیگر قائدین نے گفتگو کی ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ ہماری کوشش تھی کہ اسمبلی کو تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی پشتیبان اور بہتر قانون ساز ی کر کے آزاد خطے کے عوام کو ریلیف فراہم کرے اس میں ہم کامیاب ہوئے ہیں پوری اسمبلی کو صدر ،وزیر اعظم اور ریاستی اداروں کو تحریک آزادی کشمیر کا ترجمان بنانے کی کوشش کی کافی حدتک کامیابی ہوئی اسی طرح اصلاح احوال کے حوالے سے ہمارا ہدف تھا کہ لوگوں کے رشوت اور سفارش کے بغیر مسائل حل ہوں ،تھانے کچہریاں امن کے گہوارے بنیں ،13ویں آئینی ترمیم کے نتیجے میں ریاست با اختیار اور باوسائل ہوئی ہماری محدود نمائندگی کے باوجود کام کیے ہماری کوشش ہے کہ کشمیر کی آزادی اور نظام کی اصلاح کے لیے جماعت اسلامی کی اسمبلی میں پہلے سے زیادہ موثر نمائندگی ہو تا کہ کشمیر کی آزادی اس فورم کو استعمال کریں اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے بھی پیش رفت کریں یہ ہمارا دینی اور مذہبی فریضہ ہے جو ہمارے ایمان کا حصہ ہے ،اس موقع پر انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کو با اختیار اور با وقار نظام حکومت دیا جائے نریندرمودی کے اقدامات کے بعد پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کو اس طور با اختیار اور باوقار بنائے جس کے نتیجے میں تحریک آزادی کشمیر کو تقویت ملے کوئی ایسا اقدام نہ کیا جائے جس کے نتیجے میں تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچے اور ہمارا عالمی سطح پر موقف کمزور اور کاز کو نقصان ہو ۔