{AF}
گلگت بلتستان کے عوام کو بااختیار اور باوقار نظام حکومت دیا جائے ،نورالباری {/AF}
راولاکوٹ(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے قائمقام امیر نورالباری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو بااختیار اور باوقار نظام حکومت دیا جائے ،دونوں آزاد خطوں کو صوبوں سے زیادہ حقوق فراہم کیے جائیں ،جماعت اسلامی وحدت کشمیر پر کوئی کمپرمائز نہیں کرے گی ، گلگت بلتستان کی موجودہ صورتحال کے بارے میں آر پار کشمیریوں سمیت دنیا بھر میں آباد کشمیریوں کو تشویش ہے گلگت بلتستان ریاست کا ایک حصہ ہے ،1947ء میں جہاد کے ذریعے خطہ کو آزادکروایا ،پھر پاکستان نے اس کا نظم ونسق سنبھالا ،بیوروکریسی میں مقامی لوگوں کو تعینات کیا جائے تا کہ وہ اپنے لوگوں کی بہترا نداز سے خدمت کریں اور احساس محرومی بھی ختم ہو ، یہ تاثر درست نہیں کہ آزادکشمیر،مقبوضہ کشمیر کی قیادت اور مسئلہ کشمیر گلگت بلتستان کو حقوق دینے میں رکاوٹ ہیں ،جماعت اسلامی قیام کے دن ہی سے آزادکشمیر کیساتھ گلگت بلتستان میں بھی کام کررہی ہے ریاست ایک وحدت ہے حق خودارادیت ہمارا نصب العین ہے اس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جاسکتا ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع پونچھ کی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سیکرٹری جنرل راجہ فاضل حسین تبسم،امیر جماعت اسلامی ضلع پونچھ سجاد انور سمیت دیگر قائدین نے گفتگو کی ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نورالباری نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر تحریک تکمیل پاکستان ہے کوئی کشمیری نہیں چاہتا کہ پاکستان کو کوئی نقصان پہنچے 72سال گزرنے کے باوجود بھی مسئلہ کشمیر کو آڑ بنا کر جی بی کو حقوق سے محروم رکھا گیا یہاں پر 1950سے 1975تک یہاں کالا قانون نافذ رہا ہے اس کے بعد کئی پیکجز دیئے گئے ہمارا موقف ہے کہ گلگت بلتستان ایک متنازعہ علاقہ ہے یہاں کے لوگوں نے رائے شماری میں حصہ لینا ہے سپریم کورٹ آف پاکستان نے فیصلہ دیا کہ یہ متنازعہ علاقہ ہے یہاں کے عوام کو مسئلہ کشمیر کو نقصان پہنچائے بغیرحقوق دئیے جائیں ۔2018ء میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے پیکج دیا جس کے خلاف احتجاج ہوا اور عدالت میں چیلنج ہوا ،سپریم کورٹ نے 2009ء کی صورتحال کو برقرار رکھا ،اٹارنی جنرل کے بیان سے واضح ہوا کہ پیکیج کی آڑ میں گلگت بلتستان کو مرحلہ وار صوبہ بنایا جارہا ہے،گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق کشمیریوں نے نہیں بلکہ پاکستان کے صاحب اقتدار لوگوں نے دینے ہیں ،انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں تمام سٹیک ہولڈرز، آر پار،گلگت بلتستان کی قیادت ،اورسیز کشمیری ،پاکستان کی سیاسی جماعتوں اور اداروں کو آن بورڈلیکر ایسا حل نکالا جائے جس سے پاکستان کی سلامتی کو نقصان نہ پہنچائے اور مسئلہ کشمیر بھی متاثر نہ ہو،انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھرپور پارلیمانی رول حاصل کرے گی ۔